News Views Events
Apna Watan

سعودی عرب نے 5سال بعد لبنانی درآمدات پر عائد پابندی ختم کردی

ریاض(پی این پی)سعودی عرب نے 5سال بعد لبنانی درآمدات پر عائد پابندی ختم کردی۔

لبنان پر عائد پابندیاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر اٹھائی گئی ہے، یہ فیصلہ لبنانی صدر اور وزیراعظم کی درخواست پر کیا گیا ہے۔سال 2021میں لبنان کے اس وقت کے وزیر اطلاعات جارج قرداحی کے یمن جنگ پر متنازع بیان کے بعد سعودی عرب اور لبنان کے سفارتی تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔سعودی حکومت کے مطابق لبنانی حکومت نے ریاستی اداروں کی بحالی کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران متعلقہ ٹیموں کی پیش رفت اور بیروت کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں کو مدنظر رکھا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کو توقع ہے کہ لبنان اپنی سرزمین کو پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کیلیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے لبنانی وزیراعظم نواز سلام سے ٹیلیفونک رابطے میں اس فیصلے سے آگاہ کیا اور لبنان کے استحکام، خود مختاری اور عوام کی فلاح کے لیے سعودی حمایت کا اعادہ کیا۔

لبنانی صدر جوزف عون نے اس فیصلے کو دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات اور سعودی عرب کی مسلسل حمایت کا مظہر قرار دیا۔ان کے مطابق اس فیصلے سے لبنان کی معیشت کو براہِ راست سہارا ملے گا، لبنانی برآمد کنندگان اور پیداوار کے شعبے کو نئی منڈیاں اور مواقع میسر آئیں گے، یہ اقدام دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

پی این پی

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.