اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی 105 سالہ بلنڈا ویڈوک نے اپنی غیر معمولی طویل عمر کے حوالے سے اپنی زندگی کی چند اہم عادات سے پردہ اٹھایا ہے۔
بلنڈا ویڈوک کے مطابق وہ اپنی لمبی زندگی کو خدا کی مہربانی سمجھتی ہیں، تاہم صحت مند طرزِ زندگی نے بھی انہیں تندرست رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شروع ہی سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھتی تھیں اور زندگی کے بیشتر حصے میں ٹینس کھیلنے کے ساتھ سوئمنگ بھی کرتی رہیں۔ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اچھی غذا کو ہمیشہ اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔ وہ اپنے بچوں، پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں اور اگلی نسل کو بھی متوازن خوراک اختیار کرنے کا مشورہ دیتی ہیں، تاہم ان کے مطابق نئی نسل اب بھی جنک فوڈ کھانے سے باز نہیں آتی۔بلنڈا ویڈوک کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں زندگی پہلے کے مقابلے میں بہت تیز ہوگئی ہے۔
ان کے مطابق ماضی میں خاندان کے افراد ایک ساتھ بیٹھنے اور مل کر کھانا کھانے کے لیے وقت نکالا کرتے تھے۔1921 میں پیدا ہونے والی بلنڈا نے اپنا بچپن فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ میں گزارا، جہاں انہوں نے ایک بینک میں ہفتہ وار 15 ڈالر اجرت پر ملازمت بھی کی۔ اسی دوران انہیں ہالی ووڈ کے معروف اداکار کلارک گیبل سمیت دیگر شخصیات سے ملاقات کا موقع ملا، جبکہ وہ نوجوان جان ایف کینیڈی سے بھی مل چکی ہیں۔1946 میں بلنڈا نے کوسٹ گارڈ چارلس ویڈوک سے شادی کی، جس کے بعد وہ ٹیکساس منتقل ہوگئیں۔105 برس کی عمر میں بھی وہ ذہنی طور پر کافی متحرک اور ہوشیار ہیں اور اپنی زندگی سے جڑی یادیں اور دلچسپ واقعات دوسروں کو سنانا پسند کرتی ہیں۔ حال ہی میں ان کی 105ویں سالگرہ منائی گئی، جس میں خاندان کے افراد اور متعدد دوستوں نے شرکت کی۔اپنی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بلنڈا نے کہا کہ ہر صبح بیدار ہونے پر انہیں یہ احساس ہوتا ہے کہ خدا نے انہیں ایک اور دن عطا کیا ہے اور ان کے لیے ہر دن ایک نعمت ہے۔
انہوں نے بڑھاپے کے مشکل پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ افسوس اس وقت ہوتا ہے جب وہ لوگوں کو اپنی ذہنی صلاحیتیں کھوتے ہوئے دیکھتی ہیں۔ ان کے مطابق خدا کی مہربانی سے وہ اب تک اس مشکل سے محفوظ ہیں۔طویل عمر کے لیے اپنے اصول بیان کرتے ہوئے بلنڈا ویڈوک نے سادگی، اعتدال اور مثبت رویے کو اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا چاہیے، زندگی میں ہر چیز کو اعتدال کے ساتھ اپنانا چاہیے اور اپنے جسم کی مناسب دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔
پی این پی
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.