فیفا ورلڈ کپ 2026، مصر کا خواب چکنا چور، بیلجیئم نے آخری وقت میں میچ برابر کر دیا
SEATTLE:
فیفا ورلڈ کپ کے گروپ جی کے سنسنی خیز مقابلے میں مصر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرنے کے انتہائی قریب پہنچ گیا تھا تاہم ایک بدقسمت سیلف گول نے فتح کو ڈرا میں بدل دیا اور میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا۔
میچ کے آغاز سے ہی مصری ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 21 ویں منٹ میں مڈفیلڈر ایمان عاشور نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً 20 گز دور سے زوردار شاٹ لگائی جو سیدھی جال میں جا پہنچی۔
بیلجیئم کے تجربہ کار گول کیپر تھیباؤٹ کورٹوئس اس گیند کو روکنے میں ناکام رہے اور مصر کو اہم برتری مل گئی۔
پہلے ہاف میں مصر کو اپنی برتری دگنی کرنے کے مواقع بھی ملے لیکن کورٹوا نے چند شاندار سیوز کرکے اپنی ٹیم کو مزید نقصان سے بچا لیا۔
مصری کپتان محمد صلاح نے بھی دوسرے ہاف میں ایک خطرناک ہیڈر کھیلا جسے بیلجیئم کے گول کیپر نے عمدہ انداز میں روک دیا۔
میچ کا فیصلہ کن لمحہ 66 ویں منٹ میں آیا جب بیلجیئم کے کوچ روڈی گارشیا نے اپنے اسٹار اسٹرائیکر رومیلو لوکاکو کو میدان میں اتارا۔
لوکاکو کی آمد کے چند لمحوں بعد ہی تھامس میونیئر کی جانب سے دی گئی گیند کو مصری مدافع محمد ہانی دباؤ میں آ کر اپنے ہی جال میں پہنچا بیٹھے۔
اس سے قبل بیلجیئم کے مایہ ناز مڈفیلڈر کیون ڈی برائن کی فری کک بھی پوسٹ سے ٹکرا گئی تھی جس سے اندازہ ہو رہا تھا کہ یورپی ٹیم میچ میں واپسی کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
مصر کے شائقین کی بڑی تعداد نے سیئٹل میں اپنی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی مگر سات مرتبہ کے افریقی چیمپئنز ایک بار پھر ورلڈ کپ میں پہلی فتح حاصل کرنے سے محروم رہے۔
1934 میں ورلڈ کپ میں پہلی شرکت کے بعد سے مصر اب تک اپنے آٹھ میچوں میں کامیابی حاصل نہیں کر سکا تاہم اس بار ٹیم نے ایک مضبوط حریف کے خلاف شکست سے بچ کر کم از کم ایک پوائنٹ اپنے نام کر لیا۔
پی این پی