ڈاکٹر ابرار حسین ملک کا سکردو اور بلتستان کے تعلیمی اداروں کا دورہ
نجی تعلیمی ادارے معیارِ تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹر ابرار حسین ملک
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے اپنے دورہ سکردو و بلتستان کے دوران مختلف نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اساتذہ کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔دورے کے دوران ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے پیرا ماؤنٹ ایجوکیشن سسٹم سکردو کے پرنسپل و ماہر تعلیم عارف شہباز، اسوہ پبلک سکول اینڈ کالج سکردو کے پرنسپل اور پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پین) سکردو کے صدر افتخار حسین، جبکہ بلتستان پبلک سکول اینڈ کالج سکردو کے پرنسپل و ممتاز ماہر تعلیم محمد میر کی دعوت پر مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ اور معیار کی بہتری کے لیے نجی تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں سے ہزاروں طلبہ مستفید ہو رہے ہیں جو علاقے میں تعلیم کی ترقی اور شعور کے فروغ کی روشن مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔انہوں نے مقامی اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کردار سازی اور تعلیمی تربیت میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت نئی نسل روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے۔ ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ ان اداروں میں تجربہ کار، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور وژنری پرنسپلز و اساتذہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں، جس سے تعلیمی معیار میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔دورے کے دوران طلبہ نے ڈاکٹر ابرار حسین ملک کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے طلبہ سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، علم حاصل کرنے پر توجہ دیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔اس موقع پر تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور اساتذہ نے ڈاکٹر ابرار حسین ملک کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نجی شعبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔ تقریب کے اختتام پر اسوہ پبلک سکول اینڈ کالج سکردو کے پرنسپل اور پین کے صدر افتخار حسین نے ڈاکٹر ابرار حسین ملک کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔