قومی اسمبلی میں فرخ خان کی آواز رنگ لے آئی، سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی
عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہوں گی، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) کی رکن قومی اسمبلی فرخ خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں سولر پینلز کی قیمتوں اور عوام کو درپیش مشکلات کا معاملہ اٹھانے کے بعد ملک بھر میں سولر مارکیٹ میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کو عوامی ریلیف کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ صارفین اور کاروباری حلقوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔
فرخ خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافے اور متبادل توانائی کے حصول میں عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے سولر توانائی عام آدمی کی پہنچ میں آ سکے۔ ان کی جانب سے معاملہ مؤثر انداز میں اٹھائے جانے کے بعد مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آیا، جس سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ خان نے کہا کہ عوامی مسائل کو ایوان میں بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ان کی ذمہ داری ہے اور وہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور توانائی کے بڑھتے ہوئے بحران کے پیش نظر سولر انرجی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے، اس لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کو اس شعبے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی سیاست کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا عملی حل تلاش کرنا ہے۔ پارٹی قائد چوہدری شجاعت حسین کے وژن کے مطابق عوامی فلاح اور عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔