News Views Events
Apna Watan

98 فیصد پاکستانیوں کے پاس ڈیجیٹل شناختی کارڈ مگر صرف 30 فیصد بینکنگ نظام کا حصہ ہیں: ظفر مسعود

0

بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان میں 98 فیصد شہریوں کے پاس ڈیجیٹل شناختی کارڈ کی سہولت موجود ہے تاہم اس کے باوجود صرف 30 فیصد بالغ افراد رسمی بینکنگ کے نظام کا حصہ ہیں۔

نیویارک میں ماسٹر کارڈ کے زیرِ اہتمام ایک نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں ظفر مسعود نے پاکستان کے شمولیتی مستقبل، ڈیجیٹل جدت اور مالیاتی شمولیت کے حوالے سے اہم خیالات کا اظہار کیا۔

اس پرمغز اور معلوماتی گفتگو کی میزبانی نامور گلوکارہ اور انجینئر مومنہ مستحسن نے کی۔

تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو
تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو

ملکی معیشت اور مالیاتی نظام پر بات کرتے ہوئے ظفر مسعود نے بالغ افراد کے رسمی بینکنگ کا حصہ نہ ہونے اور اس خلیج کو ختم کرنے کے لیے محض مراعات کے بجائے ایک مربوط نظام اور ’سوسائٹی چارٹر‘ کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ٹیلنٹ کا مرکز ہونے کے ناتے ملکی بینکنگ نظام کو فری لانسرز اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورز کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ان کی کمائی کو باضابطہ معیشت کے دھارے میں لایا جا سکے۔

تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو
تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو

ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر مسعود نے مشورہ دیا کہ پاکستان کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)، فن ٹیک اور ترسیلاتِ زر کے لیے اسٹیبل کوائنز (کرپٹو) جیسے جدید رجحانات سے گریز کے بجائے انہیں اپنانا چاہیے تاکہ مالیاتی شمولیت کو فروغ مل سکے۔

نشست میں خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملکی ورک فورس اور مالیاتی نظام میں خواتین کی کم نمائندگی کوئی مذہبی رکاوٹ نہیں بلکہ ایک ثقافتی مسئلہ ہے، اس خلیج کو ختم کرنے کے لیے خاندان کے مردوں کا تعاون اور پیشہ ورانہ ترقی میں خواتین کی حمایت انتہائی ناگزیر ہے۔

تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو
تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو

موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے مقررین نے واضح کیا کہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں نہ ہونے کے برابر حصہ ڈالنے کے باوجود پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہے، اس چیلنج سے نمٹنے اور بین الاقوامی فنڈنگ حاصل کرنے کے لیے ہمیں اپنے ماحولیاتی منصوبوں کو تکنیکی بنیادوں پر مزید بہتر اور ٹھوس بنانا ہو گا۔

تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو
تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو

تقریب کے اختتام پر ظفر مسعود نے طیارہ حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہنے کے اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں قیادت، زندگی اور موت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا جب کہ سامعین کو خود احتسابی اور پچھتاوے سے پاک زندگی گزارنے کا پیغام دیا۔

تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو
تصویر: دی پاکستان انیشیئٹو

پی این پی
Leave A Reply

Your email address will not be published.