نیدرلینڈز: پاکستان رائس فیسٹیول 2026 کا انعقاد، یورپ کے کاروباری رہنماؤں کی شرکت
نیدرلینڈز میں پاکستان رائس فیسٹیول 2026 کا انعقا کیا گیا جس میں یورپ کے 100 سے زائد کاروباری و غذائی شعبے کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستانی باسمتی چاول دنیا کے 100 سے زائد ممالک کو برآمد کیے جا رہے ہیں اور اپنی منفرد خوشبو، لمبے دانے اور شاندار پکانے کی خصوصیات کے باعث عالمی صارفین، ریٹیلرز اور ماہرینِ طعام میں مسلسل مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ نے کہا کہ پاکستان زرعی و غذائی مصنوعات کے شعبے میں معیار، پائیداری، ٹریس ایبلٹی اور بین الاقوامی فوڈ سیفٹی معیارات پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی باسمتی محض ایک زرعی پیداوار نہیں بلکہ جغرافیائی شناخت (GI) سے محفوظ ایک منفرد برانڈ ہے جو صدیوں پر محیط زرعی ورثے اور بین الاقوامی معیار کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی صارفین کی جانب سے اصلیت، معیار اور پائیداری پر بڑھتی ہوئی توجہ پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے اور پاکستان اس طلب کو پورا کرنے کے لیے ایک قابل اعتماد تجارتی شراکت دار بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان رائس فیسٹیول 2026 تقریب کے دوران پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان زرعی و غذائی تعاون کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ کراچی میں 23 سے 26 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی بین الاقوامی غذائی و زرعی نمائش ’’فوڈ ایگزیبیشن 2026‘‘ کو پاکستان کے آئندہ بڑے تجارتی سنگِ میل کے طور پر پیش کیا گیا۔
تقریب میں شریک مہمانوں کو پاکستانی باسمتی چاول سے تیار کردہ روایتی اور جدید پکوان بھی پیش کیے گئے۔ شرکاء کو باسمتی چاول کی جغرافیائی شناخت، معیار کی یقین دہانی، ٹریس ایبلٹی نظام اور یورپی مارکیٹ کے تقاضوں سے مطابقت کے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
نیدرلینڈز یورپی یونین میں پاکستان کی اہم ترین برآمدی منڈیوں میں شامل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 1.94 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ روٹرڈیم پورٹ اور ایمسٹرڈیم اسخپول ایئرپورٹ پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان رائس فیسٹیول 2026 سفارت خانے کی اقتصادی سفارت کاری کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستانی برآمدات کو فروغ دینا، بین الاقوامی تجارتی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا اور پاکستان، نیدرلینڈز اور یورپی منڈیوں کے درمیان نئے کاروباری مواقع پیدا کرنا ہے۔
پی این پی