News Views Events
Apna Watan

ڈونا ہلڈا سالیڈیریٹی کچن کی چھٹی سالگرہ پر فیسٹیول آف نیشنزکا انعقاد

پاکستان سمیت مختلف ممالک کے رضاکاروں کی شرکت،ثقافتی ہم آہنگی اور اخوت کا بھرپور اظہار

0

فلوریانوپولیس(نمائندہ خصوصی ) فلوریانوپولیس کےسانتا ڈولسے انٹیگریٹڈ سولیڈیرٹی سینٹر(CIS) میں قائم ہلڈا سالیڈیریٹی کچن کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر فیسٹیول آف نیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں، معاونین اور منصوبے کے شرکاء نے شرکت کی۔

منتظمین کے مطابق تقریب کا مقصد سالیڈیریٹی کچن سے وابستہ رضاکاروں کی متنوع ثقافتی پس منظر کو اجاگر کرنا اور مختلف اقوام کے درمیان بھائی چارے، یکجہتی اور باہمی احترام کو فروغ دینا تھا۔ اس وقت اس منصوبے میں وینزویلا، ہیٹی، پاکستان اور کیوبا سے تعلق رکھنے والے رضاکار خدمات انجام دے رہے ہیں، جو برازیل میں آباد ہونے کے بعد ضرورت مند افراد کی خدمت کے مشن میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب کا آغاز جمہوریہ کانگو سے تعلق رکھنے والی سسٹر جارجیٹ بیسیموا نبارونگو کی دعا سے ہوا۔ بعد ازاں ایک خصوصی نشست منعقد کی گئی، جس میں شرکاء نے اپنے آبائی ممالک کی ثقافت، روایات اور ذاتی تجربات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔تقریب کے اختتام پر مختلف ممالک کے روایتی کھانے پیش کیے گئے، جو رضاکاروں نے خود تیار کیے تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے مختلف ثقافتوں کے ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ باہمی محبت، اخوت اور یکجہتی کے جذبے کو بھی فروغ دیا۔منتظمین کے مطابق یہ تقریب محض سالگرہ منانے تک محدود نہیں تھی بلکہ اس بات کا عملی اظہار بھی تھی کہ ڈونا ہلڈا سالیڈیریٹی کچن مختلف ثقافتوں، اقوام اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ایک ایسا مرکز ہے جہاں خیرسگالی، شمولیت اور انسانیت کی خدمت کو فروغ دیا جاتا ہے، تاکہ مل کر ایک بھرپور منصفانہ، انسانی اور برادرانہ معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.