پی سی بی کا بڑا کارنامہ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کی تربیت میں مزید جدت لانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ’ٹرو مین 3‘ بولنگ مشین نصب کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اس نئی ٹیکنالوجی کا مقصد بیٹرز کو حقیقی میچ جیسی صورتحال میں پریکٹس کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تکنیکی صلاحیتوں میں مزید نکھار لا سکیں۔
اس مشین کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی فرنٹ اسکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے جس سے بیٹرز کو بولر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کا درست اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔
اس کے علاوہ رفتار، لائن، لینتھ، سوئنگ اور گیند کی اونچائی کو بھی ضرورت کے مطابق تبدیل کیا جا سکتا ہے جبکہ کوچز مختلف گیندوں، اوورز اور اسپیلز کو محفوظ کرکے بعد میں میچ جیسی صورتحال پیدا کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
https://x.com/TheRealPCBMedia/status/2073977472123904378?s=20
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اس جدید مشین کو استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روایتی بولنگ مشینوں کے مقابلے میں یہ نظام بیٹرز کو بولر کی ویڈیو کے ساتھ زیادہ حقیقت کے قریب پریکٹس کا موقع دیتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی اس ٹیکنالوجی کو جدید کرکٹ کی ضروریات کے مطابق اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کی ٹائمنگ اور بیٹنگ میں نمایاں بہتری آئے گی۔
پی این پی