راولپنڈی: غیرت کے نام پر میاں بیوی کو زبردستی زہر دے دیا گیا، ملزمان کی پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ
راولپنڈی ٹیکسلا پولیس نے 15 کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی جان بچا لی جب کہ غیرت کے نام پر میاں بیوی کو زبردستی زہر دینے والے ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ فائرنگ کے دوران ایک زخمی ملزم سمیت 4 ملزمان گرفتار کرلیا، واقعے میں خاتون کے شوہر افضل کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
15 کال موصول ہونے پر پولیس نے بروقت کارروائی کی تو میاں بیوی نیم بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے، پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، واقعے میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب خاتون کا شوہر افضل دم توڑ گیا، افضل کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جائے گا۔
پی این پی