News Views Events
Apna Watan

مشہور کورین گروپ بی ٹی ایس کے گلوکار نے پاکستان آکر بریانی کھانے کی خواہش کا اظہار کردیا

0

جنوبی کوریا کے عالمی شہرت یافتہ میوزک گروپ بی ٹی ایس (BTS) کے رکن کم تہیونگ، جنہیں مداح وی (V) کے نام سے جانتے ہیں، نے پاکستان آنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

وی نے حالیہ آن لائن سیشن کے دوران مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے دورے اور یہاں کے مشہور کھانوں کا ذائقہ چکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ یہ گفتگو اس وقت دلچسپ مرحلے میں داخل ہوئی جب ایک پاکستانی مداح نے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی۔

مداح کی دعوت پر وی نے مسکراتے ہوئے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں انہیں بریانی اور کڑاہی کھانے کو ملے گی؟ ان کے اس معصومانہ اور دلچسپ جواب کے بعد پاکستانی مداحوں نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار شروع کر دیا اور بریانی، کڑاہی سمیت پاکستانی کھانوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں پاکستان آنے کی دعوتیں دیں۔

آن لائن گفتگو کے دوران وی نے جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے مداحوں سے بھی رابطہ کیا۔ ایک بھارتی مداح کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھارت کا دورہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔ تاہم بی ٹی ایس کے آئندہ آرِیرنگ ورلڈ ٹور کے شیڈول میں جنوبی ایشیا کے کسی ملک کا نام شامل نہیں ہے، جبکہ اب تک خطے میں کسی انفرادی کنسرٹ یا دورے کا بھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

اسی دوران بنگلہ دیشی مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے وی نے بتایا کہ وہ اس ملک کے مشہور مقامات کے بارے میں جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر کاکس بازار اور پنک پیلس میوزیم دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش سمیت جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں بی ٹی ایس کے لاکھوں مداح موجود ہیں، تاہم اب تک یہ عالمی میوزک گروپ خطے میں کوئی کنسرٹ منعقد نہیں کر سکا۔ بی ٹی ایس کی انتظامیہ کی جانب سے بھی جنوبی ایشیا کے کسی ممکنہ دورے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.