وزیراعلیٰ کے پی کی ایکسپریس میڈیا گروپ کے سی ای او سے ملاقات، اخبارات کے بقایاجات ادا کرنے کی یقین دہانی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آزادی اظہار رائے کی حمایت جاری رکھنے اور اخبارات کے بقایا جات کی ادائیگی جلد کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
ایکسپریس میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) و سابق سیکرٹری جنرل سی پی این ای اعجازالحق نے منگل کے روز وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے وزیراعلی ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیراطلاعات شفیع جان اورایکسپریس نیوز پشاور کے بیورو چیف شاہد حمید بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ عدالتی احکامات کے مطابق محکمہ اطلاعات کی جانب سے اخبارات کوبقایاجات کی ادائیگی کے معاملہ پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے یقین دہانی کرائی کہ عدالتی احکامات کے مطابق اخبارات کو ان کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی تاکہ نہ تو اخبارات متاثر ہوں اور نہ ہی اخباری ورکر۔
وزیراعلیٰ نے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواحکومت آزادی رائے پر مکمل طور پر یقین رکھتی اوروہ چاہتی ہے کہ اخباری صنعت پھلے پھولے تاکہ عوام کو اطلاعات تک رسائی بھی ممکن ہو اورہزاروں کی تعداد میں جو ورکر اس صنعت سے وابستہ ہیں وہ بھی برسرروزگار رہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اخبارات کے جو بقایاجات صوبائی حکومت کے ذمے ہیں وہ کئی دہائیوں سے چلے آرہے ہیں اوران کی کوشش ہے کہ جلدازجلد ان بقایاجات کی ادائیگی کی جائے تاکہ یہ ممسئلہ حل ہوسکے۔
اس موقع پرسی ای او ایکسپریس میڈیا گروپ اعجاز الحق نے خیبرپختونخوا حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نہ صرف یہ کہ بقایا جات کی پہلی قسط فوری طورپر ادا کی جائے بلکہ ثالثی کا عمل بھی جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے دوسری قسط بھی جلد ادا کی جائے جو موجودہ صوبائی حکومت کا کریڈٹ ہوگا۔
انہوں نے صوبائی وزیراطلاعات شفیع جان کے اخباری صنعت کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ اس سے اخباری صنعت اور صوبائی حکومت کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اعجاز الحق نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت اخباری صنعت کے ساتھ تعاون کی اپنی موجودہ پالیسی کو برقراررکھتے ہوئے اس پر گامزن رہے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیراطلاعات شفیع جان نے بھی یقین دہانی کرائی کہ صوبائی محکمہ اطلاعات اخبارات کے ساتھ تعاون کی پالیسی پر گامزن رہے گا اور ان کے جوبھی مسائل ہوئے انھیں حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
اعجاز الحق نے سی پی این ای کی پالیسی کے حوالے سے بتایا کہ تنظیم صحافی برادری سے وابستہ ورکرز کے معاشی حقوق کے تحفظ کی داعی ہے اور میڈیا مالکان پر زور دیا کہ وہ ورکرز کے واجبات کی ادائیگی کو فوری یقینی بنائیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کے واجبات کو ورکرز کلیم کی بنیاد روکنا بھی عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔
وزیراعلی ٰسہیل آفریدی نے اس موقع پرکہا کہ وہ جلد ہی سی پی این ای کے وفد سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ ان کے مسائل سے آگہی حاصل کرتے ہوئے ان کے حل کی راہ نکالی جاسکے ۔
پی این پی