اسلام آباد(نعیم اختر )پاکستان مسلم لیگ نے پارٹی کی میڈیا حکمتِ عملی کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد کو صدر پاکستان مسلم لیگ کا مشیر برائے ابلاغِ عامہ مقرر کر دیا۔
سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد امجد کومرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں سنٹرل میڈیا سیل کے قیام سمیت پارٹی کی صوبائی سرگرمیوں کو منظم طریقے سے عوام تک پہنچانے کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔
اس پر عمل کرتے ہوئے ایک منظم، مربوط اور جدیدسینٹرل میڈیا سیل قائم کر کے فعال کردیا گیا ہے۔چوہدری سالک حسین کی سربراہی میں ایک میڈیا کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جس کے اراکین میں ڈاکٹر محمد امجد، محمد طارق حسن اور غلام مصطفیٰ ملک شامل ہیں۔ صوبائی قیادت سے مشاورت کے ساتھ صوبائی فوکل پرسنز پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جس کے اراکین اپنے اپنے صوبوں کی سیاسی سرگرمیاں سینٹرل میڈیا سیل کو ارسال کرتی ہیں جہاں ان کی نیوز ویڈیوزتیار کر کے پارٹی کے سینٹرل ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شئیر کی جاتی ہیں۔ ساتھ ہی مزکز سمیت تمام صوبوں کی سیاسی سرگرمیوں کا ریکارڈبھی مرتب کیا جا رہا ہے جس کی رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر سنئیر وائس پریزیڈنٹ کو پیش کی جائے گی۔
اس عمل کا مقصد پارٹی میں ہونے والی سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور انہیں مزید بہتر کرنا ہے۔