News Views Events
Apna Watan

انڈسٹری اور اکیڈمیا کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر ابرار حسین ملک

تعلیمی اداروں اور آئی سی سی آئی کے باہمی تعاون سے روزگارکے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں،سردار طاہر خان

0

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کنکورڈیا کالجز کے مابین صنعتی و تعلیمی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے معاہدہ کی تقریب

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کنکورڈیا کالجز سٹی کیمپس کے درمیان صنعت و تعلیم کے شعبوں میں تعاون اور روابط کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر خان تھے، تقریب کی صدارت سابق صدر میاں شوکت مسعود نے کی۔اس موقع پر ڈاکٹر ملک ابرار حسین، مرکزی صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔تقریب میں آئی سی سی آئی کے عبدالرحمن صدیقی، کنکورڈیا کالجز سٹی کیمپس ایف ٹین کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افراہیم ستی،آئی سی سی آئی کے نائب صدر، سینئر اراکین اور کنکورڈیا کالجز کی انتظامیہ بھی موجود تھی۔مفاہمت کی یادداشت کا مقصد کاروباری برادری اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا، طلبہ کی پیشہ ورانہ و عملی مہارتوں میں اضافہ کرنا، انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنا اور طلبہ کے لیے مشترکہ تعلیمی و عملی منصوبہ جات شروع کرنا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر ملک ابرار حسین نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور صنعت و کاروبار کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ طلبہ کو صرف کتابی علم تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں عملی زندگی، مارکیٹ کی ضروریات اور جدید پیشہ ورانہ تقاضوں سے روشناس کرانا ہوگا، تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور کاروباری برادری کے باہمی تعاون سے نوجوانوں کے لیے روزگار، تربیت اور عملی تجربے کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ ایسے اقدامات صنعت اور اکیڈمیا کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کنکورڈیا کالجز کے درمیان یہ شراکت داری طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی اور صنعت و تعلیم کے شعبوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.