سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کیمرون او ریلی کے ساتھ دوسری شادی کرلی ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 52 سالہ جمائما نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کی۔ کیمرون آئرش نژاد آسٹریلوی شہری ہیں اور سابق عالمی رگبی اسٹار اور معروف میڈیا شخصیت سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کی شناسائی اس وقت ہوئی جب کیمرون مختلف فلموں اور دستاویزی منصوبوں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔ ابتدا میں جمائما اور کیمرون کے درمیان دوستی قائم ہوئی، جو وقت کے ساتھ قریبی اور پھر رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔
جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی شادی کی تصدیق کی ہے۔ ان کی اہلیہ جمائما جونز نے سوشل میڈیا پر جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے انتہائی خوشی کا دن قرار دیا۔
کیمرون او ریلی کے چار بچے ہیں، جبکہ جمائما گولڈ اسمتھ کے عمران خان سے دو بیٹے، سلیمان اور قاسم ہیں۔ جمائما اور ان کے بیٹے عمران خان کی رہائی کے لیے مسلسل آواز بھی اٹھاتے رہے ہیں۔
جمائما اور عمران خان کی ازدواجی زندگی تقریباً 9 سال تک جاری رہی اور دونوں کی علیحدگی 2004 میں ہوئی، جبکہ باضابطہ طلاق 2005 میں مکمل ہوئی۔
کیمرون او ریلی نے اپنے والد کے میڈیا کاروبار میں تقریباً ایک دہائی تک خدمات انجام دیں، جس کے بعد وہ آسٹریلوی میڈیا گروپ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا سے منسلک ہوئے۔ انہوں نے 2000 میں چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داری سے استعفیٰ دیا۔ بعد ازاں 2003 میں نجی سرمایہ کاری فنڈ قائم کیا اور سوئس میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر خریدی، جسے 2011 میں توشیبا کو 2.3 ارب ڈالر میں فروخت کردیا گیا۔
جمائما کی دوسری شادی ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے انتقال کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔ لیڈی اینابیل گزشتہ برس انتقال کرگئی تھیں، جبکہ جمائما کے والد اور معروف کاروباری شخصیت سر جیمز گولڈ اسمتھ 1997 میں وفات پا گئے تھے۔
دوسری جانب جمائما گولڈ اسمتھ عمران خان کی رہائی کے معاملے پر بھی مسلسل آواز بلند کررہی ہیں۔ عمران خان 2023 سے مختلف مقدمات کے باعث جیل میں ہیں اور اپنے خلاف کرپشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سیاسی نوعیت کے مقدمات قرار دیتے ہیں۔
پی این پی
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.