News Views Events
Apna Watan

یو اے ای نے اسرائیلی وزیر اعظم کے دورے کی باضابطہ تصدیق کر دی

ابوظبی (نیوز ڈیسک): متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دوطرفہ روابط کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے مختلف طریقوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

سرکاری بیان میں ملاقات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور انہیں مزید فروغ دینے کے امکانات زیر بحث آئے۔

تاہم اماراتی حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ان میڈیا رپورٹس کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا جن میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے مختصر دورۂ امارات کے دوران شیخ محمد بن زاید سے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے سے قبل مبینہ طور پر کسی ممکنہ خطرے سے آگاہ کیے جانے کی تردید کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملاقات کی تصدیق ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور امارات کے تعلقات سمیت مشرق وسطیٰ کی مجموعی سلامتی کی صورتحال بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

پی این پی

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.