ممبئی(ویب ڈیسک) بھارت نے سابق صدرِ پاکستان جنرل (ر)پرویز مشرف کی خاندانی جائیداد کو نیلام کردیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پرویز مشرف کی یہ خاندانی زمین ریاست اُترپردیش میں باغپت ضلع کے کوتانہ گاؤں میں تھی، جسے سرکار نے 2010 سے ”دشمن کی ملکیت“ قرار دے رکھا تھا، اس زمین کی بولی اس کی بنیادی قیمت سے ساڑھے تین گنا زیادہ لگائی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک مقامی اعلیٰ سرکاری افسر نے بتایا کہ اس زمین کے لیے آن لائن بولیاں لگیں اور بنیادی قیمت سے کئی گنا زیادہ بولی لگی۔انہوں نے بتایا کہ اس زمین کی بنیادی قیمت 39 لاکھ 6 ہزار روپے رکھی گئی تھی لیکن ساڑھے تین گنا زیادہ ایک کروڑ 38 لاکھ 16 ہزار پر بولی ختم ہوئی۔زمین کا یہ قطعہ اترپردیش میں پرویز مشرف کے آباؤاجداد کی آخری زمین تھی، کوتانہ گاؤں میں ان کی اور بھی خاندانی زمینیں تھیں، جو پہلے ہی نیلام کی جاچکی ہیں۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ امر ورما نے تصدیق کی کہ پرویز مشرف کے دادا کوتانہ گاؤں میں رہتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کے والد سید مشرف الدین اور والدہ زرین بیگم اس گاؤں میں نہیں رہتے تھے لیکن ان کے چچا ہمایوں کافی عرصے تک یہاں مقیم رہے، بعد میں وہ اپنی زمین بیچ کر ملک چھوڑ گئے لیکن یہ زمین بھارتی حکومت نے اپنے قبضے میں لے لی اور اسے ”دشمن کی ملکیت“ قرار دے دیا۔پرویز مشرف دہلی میں پیدا ہوئے لیکن وہ کبھی کوتانہ گاؤں نہیں گئے کیونکہ ان کا خاندان 1947 میں ملک کی تقسیم کے وقت پاکستان میں آکر آباد ہوگیا تھا۔گاؤں والوں کے مطابق پرویز مشرف کے رشتہ دار نورو قیام پاکستان کے بعد 18 سال تک کوتانہ میں مقیم رہے اور 1965 میں پاکستان چلے گئے۔”دشمن کی ملکیت“ کا مطلب کیا ہے؟”دشمن کی ملکیت“ سے مراد وہ جائیداد ہے جو بھارت سے ہجرت کرکے پاکستان جانے والوں نے بھارت میں چھوڑی ہے۔ایسی جائیدادوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ 1965 کی جنگ کے بعد 1968 میں ”اینمی پراپرٹی ایکٹ“ نافذ کیا گیا تھا۔ 1962 کی چین بھارت جنگ کے بعد چین جانے والوں کی چھوڑی ہوئی جائیداد کے لیے بھی ایسا ہی کیا گیا۔ان جائیدادوں کی ملکیت ایک سرکاری محکمے کو دے دی گئی جسے بھارت میں ”کسٹوڈین فار اینمی پراپرٹی“ کہا جاتا ہے۔اینمی پراپرٹی (ترمیم اور توثیق) ایکٹ، 2017 میں اصل ایکٹ کی چند شقوں میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے بعد منقولہ جائیدادوں کو بھی دشمن کی ملکیت میں شامل کرلیا گیا۔
Trending
- وہ معروف اداکارائیں جو ڈاکٹر ہیں
- وسیم اکرم کی شیطان کو بولنگ شائقین کرکٹ کو کیسی لگی؟
- بچوں کو قربانی ہوتے ہوئے نہ دکھائیں، نادیہ خان کے بیان پر نئی بحث چھڑ گئی
- ہینڈ شیک تنازع کرکٹ سے نکل کر ٹینس کورٹ تک جا پہنچا
- ٹک ٹاکر جنت مرزا کی عید پر گوشت پیکنگ کی ویڈیو نے نئی بحث چھیڑ دی
- یوسین بولٹ کا ریکارڈ توڑنے والے کو ایک کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش
- سہ فریقی سیریز: پاکستان ویمنز ٹیم پہلا میچ جمعہ کو ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے گی
- راولپنڈی میں اراضی تنازع پر فائرنگ، باپ بیٹا جاں بحق
- چین میں خوابوں کی تکمیل کے متلاشی پاکستانی کاروباریوں کی سرحد پار گرمجوش کہانیاں
- خیبر پختونخوا؛ چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ سے اختلافات کی تردید کردی