27سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران ہلاک
ہلسنکی(پی این پی)فن لینڈ کی معروف 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر اولیویا اوراس کاسمیٹک سرجری کے ایک طریقہ کار کے دوران پراسرار طور پر جان کی بازی ہار گئیں
جس کے بعد پولیس نے بیوٹی کلینک انتظامیہ کے خلاف مبینہ غفلت اور ممکنہ مجرمانہ کارروائی کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق اولیویا اوراس ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک سرجری کے لیے موجود تھیں، سرجری شروع ہونے سے قبل انہیں بے ہوشی کی دوا دی جارہی تھی کہ وہ اچانک بے ہوش ہوگئیں۔انہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکیں اور ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔اولیویا کے والد ریجو اوراس اور والدہ جوہانا اوراس نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی کو بے ہوشی کا انجیکشن لگنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج ان کا انتقال ہوگیا،
والدین نے خدشہ ظاہر کیا کہ بیوٹی کلینک کے عملے کی سنگین غلطی یا غفلت اس المناک واقعے کا سبب بنی۔ہیلسنکی پولیس کے مطابق اولیویا کی موت کے 3 روز بعد واقعے سے متعلق باقاعدہ شکایت اور تحقیقات کی درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد ممکنہ جرم کے زاویے سے تفتیش شروع کردی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔
پی این پی
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.