تحریر: انجینئر مطیع اللہ خان
پاکستان مسلم لیگ (ق) اسلام آباد کیپٹل کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات انجینئر مطیع اللہ خان نے اس امر پر دلی مسرت کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی سطح پر اپنی اقتصادی حیثیت کو مستحکم کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انجینئر مطیع اللہ خان نے کہا کہ دو دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے کامیاب بولیوں کا انعقاد ایک تاریخی سنگ میل ہے، جو نہ صرف توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق لائسنسز کے پہلے مرحلے میں تقریبا 80 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جو ڈرلنگ کے دوران ایک بلین امریکی ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ یہ سرمایہ کاری نہ صرف ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی مظہر ہے بلکہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں نئی روح پھونکنے کا باعث بنے گی۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آف شور میں تیل و گیس کے 23 بلاکس کی کامیاب بولیاں موصول ہوئی ہیں۔ جو تقریبا 53510 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہیں۔ انڈس اور مکران بیسن میں بیک وقت ایکسپلوریشن کی اسٹریٹجی نے پاکستان کو عالمی توانائی نقشے پر دوبارہ نمایاں کیا ہے۔
انجینئر مطیع اللہ خان نے اس کامیابی کو حکومت پاکستان کی دوراندیش پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ اور امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے کی جانب ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔