اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپیٹل سٹی کے سینئر نائب صدر میاں قاسم نے چوہدری محمد جہانگیر کو چیئرمین کمپلینٹ سیل، وفاقی دارالحکومت (NPFCIH) مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
چوہدری محمد جہانگیر، جو اس وقت پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپیٹل کے جنرل سیکرٹری کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں، کو باضابطہ طور پر چیئرمین کمپلینٹ سیل، وفاقی دارالحکومت تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر میاں قاسم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ چوہدری جہانگیر کی تقرری ان کی انتھک محنت، دیانت داری اور عوامی خدمت سے وابستگی کا عملی اعتراف ہے۔
میاں قاسم کا کہنا تھا کہ چوہدری محمد جہانگیر ایک باصلاحیت اور متحرک رہنما ہیں جنہوں نے ہمیشہ تنظیمی امور اور عوامی مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت میں شکایات کے ازالے کا نظام مزید فعال، شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا۔