اعتصام الحق
چین مٰیں سال میں ایک دن ایسا بھی منایا جاتا ہے جب لوگ اپنے ان پیاروں کو یاد کرتے ہیں جو اس دنیا رخصت ہو چکے ہوتے ہیں۔اس دن خاص طور پر قبروں پر جا کر انہیں صاف کیا جاتا ہے ۔یہ دن چھنگ منگ کہلاتا ہے ۔
732 عیسویں میں تانگ خاندان کے شہنشاہ شوان زونگ کے عہد میں باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا کہ چھنگ منگ کے موقع پر قوم کے ہیروز اور بزرگوں کی قبروں پر حاضری دی جائے اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ مختلف رسومات اس دن کی تقریبات میں شامل ہوتی چلی گئیں۔ جن میں قبروں پر حاضری ، قبروں کی صفائی ، خوشبودار اگربتیاں جلانا اور گزر جانے والوں کے لئے دعائیہ تقریبات وغیرہ شامل ہیں۔
یہ دن چین کی تقریباً تمام قومیتیں نہایت عقیدت و احترام سےمناتی ہیں اور بچھڑے ہوئے پیاروں کے لئے دعائیہ تقریبات منعقد ہوتی ہیں ۔ہر سال 4 یا 5 اپریل کو قومی سطح پر منائے جانے والے اس د ن کے حوالے سے چین کے مختلف حصوں میں مختلف رسم و رواج ہیں۔ 20 مئی 2006 کو اس دن کو قومی غیر مادی ثقافتی تہواروں اور دنوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔
چھنگ منگ سے ایک روز قبل چین کے بعض علاقوں میں ٹھنڈا کھانا کھانے کا رواج بھی ہے ۔ اس دن چولہے یا اوون میں کھانے کی کوئی چیز نہیں پکائی جاتی اور لوگ ٹھنڈا کھانا کھاتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ چھنگ منگ اور ٹھنڈا کھانا کھانے کے تہوار یکجا ہوتے چلے گئے۔ آج چین کے کئی علاقوں میں چھنگ منگ کے موقع پر ٹھنڈا کھانا کھایا جاتا ہے۔ جیسے پاکستا ن میں بھی سوگ یا دکھ کے موقع پر غم والے گھر میں چولہا نہیں جلایا جاتا اور سماجی ہمدردی کے جذبے کے تحت اس موقع پر پڑوسی یا قریبی لوگ سوگ میں موجود خاندان کے لئے کھانے کا انتظام کرتے ہیں اسی طرح چھنگ منگ کے موقع پر ٹھنڈا کھانا ایک روایت ہے۔تاریخی طور پر چھنگ منگ کے دن کا تعلق 2500 سال قدیم روایات سے ملتا ہے۔ تاریخ حوالوں کے مطابق اس دن سرکاری سطح پر دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا تھا۔ اپنے آباؤ اجداد کی یاد میں تقریبات کا اہتمام کیا جاتا تھا ۔ اپنے بزرگوں کے نام پر قربانیاں پیش کی جاتی تھیں اور ملک میں سال بھر امن، خوشحالی اور اچھی فصل کے لئے دعائیں کی جاتی تھیں۔
اس دن کو چھنگ منگ ہی کیوں کہتے ہیں اور اس کے معنی کیا ہیں ؟چینی زبان میں چھنگ منگ کا لفظی مطلب روشن یا شفاف ہے۔چین میں سال بھر کا موسم 24 رتوں میں تقسیم ہوتا ہے۔ چھنگ منگ ان 24 موسمی رتوں میں سے ایک موسمی رت کا نام بھی ہے۔ چھنگ منگ کا آغاز 4 اپریل کو ہوتا ہے۔ اس وقت چین کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف اور شفاف ہوتا ہے۔ لہذا اس موسمی رت کو چھنگ منگ کہا جاتا ہے۔سو ،قبور کی صفائی اور بہار کی سیر ،دونوں کے لئے ایک دن کے طور پر یہ ایک ایسا وقت ہوتا ہے جب زندگی کی تعریف موت کے غم کے ساتھ مل جاتی ہے ۔