News Views Events

امریکا کا کتائب حزب اللہ کے سربراہ کی گرفتاری پر 10ملین ڈالر انعام کا اعلان

واشنگٹن(پی این پی)امریکا نے عراق میں ایران کی حمایت یافتہ مزاحمتی تنظیم کتائب حزب اللہ کے سربراہ احمد الحیمدوی کو گرفتار کروانے یا معلومات فراہم کرنے پر 10ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔

غیرملکی میڈیاکے مطابق یہ اعلان ریوارڈز فار جسٹس پروگرام کے تحت کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ احمد الحمیدوی کی قیادت میں تنظیم کتائب حزب اللہ نے عراق میں امریکی مفادات اور شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کتائب حزب اللہ نے ایران کی بھرپور حمایت کے ساتھ عراق میں امریکی سفارتی تنصیبات پر حملے کیے، امریکی شہریوں کو اغوا کیا اور عام عراقی شہریوں کو بھی ہلاک کیا۔گزشتہ ماہ اس تنظیم نے بغداد میں امریکی صحافی شیلے کیٹلسن کو اغوا کیا تھا تاہم انھیں چند روز بعد اس شرط پر رہا کر دیا گیا کہ وہ عراق چھوڑ دیں۔اسی تنظیم نے ڈھائی سال قبل اسرائیلی نژاد محقق ایلزبتھ کو اغوا کیا تھا

جو گزشتہ برس رہا ہوئیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ تنظیم خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے اور اس کی سرگرمیاں امریکی سفارتی مشنز اور عراقی شہریوں کے لیے خطرہ ہیں۔کتائب حزب اللہ عراق میں سرگرم ان متعدد مسلح گروہوں میں شامل ہے جو ایران کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں اور امریکا ان پر پہلے بھی پابندیاں اور کارروائیاں کرتا رہا ہے۔

پی این پی

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.