سپر ہٹ فلم ’عاشقی‘ کے ہیرو شدید مشکل میں، ٹرولرز پیچھے پڑ گئے
فلم عاشقی سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے بالی ووڈ اداکار راہول رائے ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار وجہ ان کی نئی فلم نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید ٹرولنگ ہے۔
90 کی دہائی میں اپنی منفرد شخصیت، رومانوی انداز اور مشہور ہیئر اسٹائل کے باعث نوجوانوں کے دلوں پر راج کرنے والے راہول رائے حالیہ دنوں مالی اور صحت کے مسائل کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب سوشل میڈیا پر ان کی چند ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں وہ اپنے پرانے گانوں پر ایک غیر معروف انسٹاگرام صارف ڈاکٹر ونیتا کے ساتھ نظر آئے۔ ان ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد متعدد صارفین نے سخت تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ ایک وقت کے سپر اسٹار کو ایسی ویڈیوز بنانے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے۔ کچھ افراد کی جانب سے مسلسل طنز اور منفی تبصروں کے بعد راہول رائے نے خاموشی توڑتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنی مالی مشکلات کے باعث کام کر رہے ہیں اور ان کی جدوجہد کا مذاق اڑانا ناانصافی ہے۔
اداکار نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں بعض قانونی معاملات اور برین اسٹروک کے بعد سے مالی دباؤ کا سامنا ہے، اور وہ محنت کے ذریعے اپنے حالات بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ راہول رائے کے مطابق اگر کوئی ان کی سادگی یا مشکلات کا مذاق اڑاتا ہے تو یہ ان کی شخصیت سے زیادہ ناقدین کے رویے کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر لوگ واقعی ان کے لیے فکر مند ہیں تو انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے میں مدد کریں تاکہ وہ عزت کے ساتھ اپنے مالی مسائل حل کر سکیں۔ اداکار نے اس بات پر زور دیا کہ برین اسٹروک کے بعد فعال رہنا ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے ضروری ہے، اور وہ جب تک ممکن ہو کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ اپنے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے راہول رائے نے پُرعزم انداز میں کہا کہ لوگ انہیں وقتی طور پر تکلیف تو دے سکتے ہیں، لیکن انہیں توڑ نہیں سکتے۔
اداکار کے اس بیان کے بعد فرح خان، سونو سود سمیت کئی معروف شخصیات نے ان کی حمایت کی، جبکہ مداحوں نے فلم سازوں سے مطالبہ کیا کہ اس تجربہ کار اداکار کو دوبارہ نمایاں مواقع دیے جائیں۔
پی این پی