پہلا ٹیسٹ میچ؛ پاکستان نے بنگلا دیش کیخلاف 1 وکٹ پر 179 رنز بنا لیے
پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک 1 وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنا لیے، تاہم قومی ٹیم کو میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے ابھی مزید 234 رنز درکار ہیں۔
ڈھاکا میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز پاکستان نے محتاط انداز میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا۔ اوپنر اذان اویس 85 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ عبداللہ فضل 37 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے گرنے والی واحد وکٹ امام الحق کی تھی جو 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بنگلادیش کے اسپنر مہدی حسن مرزا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلادیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 413 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دوسرے دن کھیل کا آغاز مشفق الرحیم نے 48 اور لٹن داس نے 8 رنز سے کیا۔ بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 101 رنز بنائے، جبکہ مومن الحق 91 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں مشفق الرحیم 71، لٹن داس 33، مہدی حسن مرزا 10 اور تیج الاسلام 17 رنز بنا سکے۔
https://www.facebook.com/PakistanCricketBoard/posts/azan-awais-leads-pakistans-positive-response-after-mohammad-abbas-starred-with-a/1031780466178435/
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عباس نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلادیش کی اننگز کے خاتمے کے بعد میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور تیسرے روز پاکستان کی کوشش ہوگی کہ وہ پہلے میزبان ٹیم کا اسکور برابر کرے اور پھر برتری حاصل کرے۔
واضح رہے کہ پہلے روز کے اختتام پر بنگلادیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے تھے۔
پی این پی