ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر، پنجاب میں تعداد سب سے زیادہ
لاہور:
آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ پنجاب ملک کا تعلیمی مرکز سمجھا جاتاہے تاہم آج بھی پنجاب میں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
سرکاری و بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق غربت، مہنگائی، اساتذہ کی کمی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور والدین کی معاشی مشکلات بچوں کی تعلیم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
یونیسف اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچے اسکول نہیں جاتے جبکہ ان میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب کی ہے۔
ماہر تعلیم اور سابق صوبائی وزیر تعلیم عمران مسعود کے مطابق دیہی علاقوں میں غربت اور مہنگائی کے باعث والدین بچوں کو سکول بھیجنے کے بجائے محنت مزدوری پر لگانے پر مجبور ہیں۔
ایسے علاقے بھی ہیں جہاں اسکول نہیں اور بچوں کو دور دراز کے علاقوں میں تعلیم کیلیے جانا پڑتاہے،بعض ایسے اسکول بھی ہیں جہاں صر ف ایک استادہے جبکہ زیادہ تر اسکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
والدین کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں معیارِ تعلیم کمزور ہونے کی وجہ سے بچے بہتر تعلیم حاصل نہیں کر پاتے جبکہ شہری علاقوں میں نجی سکولوں کی بھاری فیسیں غریب اور متوسط طبقے کیلئے ناقابل برداشت ہیں۔
صوبائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اسکول سے باہر بچوں کو تعلیم کی طرف لانے کیلئے خصوصی مہمات شروع کی گئی ہیں ۔
پی این پی