انسٹاگرام پوسٹ پر میٹا کا الرٹ، پولیس نے خودکشی کرنیوالے نوجوان کو بچالیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کی بروقت اطلاع اور پولیس کی فوری کارروائی کے نتیجے میں ایک نوجوان کی جان بچا لی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ کے علاقے سردھنا میں ایک نوجوان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ایک مشتبہ سفید محلول پیتا دکھائی دیا۔ ویڈیو کے ساتھ اس نے ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا تھا، جس سے اس کی ذہنی کیفیت کا اندازہ لگایا جا سکتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پوسٹ اپ لوڈ ہونے کے فوراً بعد میٹا کے خودکار نگرانی نظام نے ممکنہ خودکشی کے خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے شام 6 بج کر 53 منٹ پر پولیس ہیڈکوارٹر کے سوشل میڈیا سیل کو الرٹ ارسال کیا۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے دستیاب موبائل نمبر اور لوکیشن کی معلومات کی مدد سے نوجوان کا سراغ لگایا اور فوری طور پر اس کے گھر پہنچ گئی۔ وہاں نوجوان کی حالت تشویشناک تھی جبکہ اس کے پاس مشتبہ محلول کی بوتل بھی موجود تھی۔
پولیس اور اہلِ خانہ نے مشترکہ طور پر نوجوان کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے بروقت علاج فراہم کر کے اس کی جان بچا لی۔
بعد ازاں نوجوان نے بتایا کہ ذاتی تعلقات کے خاتمے کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار تھا، جس کی وجہ سے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھانے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق 2022 سے میٹا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ایک مربوط نظام کے تحت کام کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے فیس بک اور انسٹاگرام پر خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے سے متعلق مواد کی فوری اطلاع متعلقہ حکام تک پہنچائی جاتی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ یکم جنوری 2023 سے 31 مئی 2026 تک موصول ہونے والے ایسے الرٹس پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریاست بھر میں تین ہزار سے زائد افراد کی زندگیاں بچائی جا چکی ہیں۔
پی این پی
Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.