News Views Events
Apna Watan

پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے عالمی سطح پر عزت و وقار میں اضافہ ہوا، چوہدری شجاعت

0

لاہور:

سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ رکوانے میں کردار کی وجہ سے پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا، نہ صرف امریکہ اور ایران بلکہ دیگر بین الاقوامی برادری کے ساتھ بھی تعلقات مزید مستحکم ہوئے اور دنیا نے تعریف کی۔ موجودہ قیادت کے ساتھ پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔

امید ہے نیا بجٹ عوام کی خوشحالی کا ضامن ہو گا، رانا آصف توصیف پاکستان مسلم لیگ کے پرانے رہنما ہیں، امید ہے یہ پارٹی کو منظم اور مستحکم کرنے میں بھر پور کردارادا کریں گے۔

 

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر سابق وفاقی وزیر اور سابق رکن قومی اسمبلی رانا آصف توصیف اور ان کے ساتھیوں سے ملاقات میں کیا۔

 

 

اس موقع پر صوبائی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین، پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمدامجد اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

 

اس موقع چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ رکوانے میں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جو کردارادا کیااس کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت اور وقار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

 

پاکستان کے کردار کی وجہ سے نہ صرف امریکہ اور ایران بلکہ مشرق وسطیٰ کے مسلم ممالک، چین، روس اور یورپ کے ساتھ تعلقات مزید بہتر ہوئے۔ پوری دنیا نے جنگ رکوانے کے لئے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔مشرق وسطیٰ کی جنگ رکوانے میں پاکستان کے جن ممالک کے ساتھ تعلقات مستحکم ہوئے ہیں وہ ہر مشکل میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے اور پاکستانی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وہ یقیناً ہماری مدد کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ اس قیادت کے ساتھ پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گااور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے موثر منصوبہ بندی کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا بجٹ عوام کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہو گا۔اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے رانا آصف توصیف کی پارٹی کے فیصلہ آباد ڈویژن کے صدر کے طور پر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

 

اس موقع پرپارٹی رہنماؤں نے آصف توصیف کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ کے پرانے ساتھی ہیں، امید ہے کہ وہ فیصل آباد میں پارٹی کو منظم، مستحکم اور فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ رانا آصف توصیف پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے وفاقی وزیررہ چکے ہیں اور ان کے بھائی رانا زاہد توصیف رکن قومی اسمبلی اور فیصل آباد کے ناظم رہ چکے ہیں۔ ان کے دورنظامت میں فیصل آباد نے بھر پور ترقی حاصل کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.