اسلام آباد:آزاد کشمیر سے مسلم لیگ ق کے نامزد صدر محمد شفیق اورسینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ق) اوورسیز برطانیہ ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مثبت مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔

اسلام آباد میں اپنے قریبی دوست جاوید تمن کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تمام گروہوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ مذاکرات کی میز پر ہمارے ساتھ بیٹھیں تاکہ تمام مسائل کا احسن اور مثبت حل نکالا جا سکے۔اس سلسلہ میں محمد شفیق و ڈاکٹر شوکت علی نے آزادکشمیر کے مختلف اضلاع سے سے ہوئے لیڈران سے مسلم لیگ ھاؤس اسلام آباد اور تمن ھاؤس اسلام آباد میں بھی ملاقاتیں کیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ایسے عناصر اور اداروں سے دور رہنا چاہیے جو کشمیریوں اور پاکستان کے مفادات کے خلاف سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور ان کی خوشحالی ہمارا نصب العین ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مناسب وقت آنے پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین اور دیگر قائدین بھی اس عمل میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔
آخر میں محمد شفیق نے اپنے کشمیری بھائیوں اور حکومتی اداروں سے اپیل کی کہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں اور ایک دوسرے کی عزت، احترام، مال اور جان کا تحفظ کرنا ھم سب پر لازم ھے ۔