News Views Events
Apna Watan

میاں بیوی سمیت 3 مسافروں کو عمرہ کیلیے روانگی سے روکے جانے پر ڈی جی امیگریشن کو نوٹس

0


اسلام آباد:

ہائیکورٹ نے میاں بیوی سمیت 3 مسافروں کو آف لوڈ کرکے عمرہ ادائیگی سے روکنے کے خلاف دائر درخواست پر ڈی جی امیگریشن کو نوٹس جاری کر دیا۔

کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جبکہ درخواست گزاروں کی جانب سے طارق محمد خان مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست اسد اسلم، عمران اور عشرت عمران کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانگی سے روکنے اور آف لوڈ کیے جانے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ وہ 18 جون کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تھے، تاہم انہیں ہوٹل بکنگ نہ ہونے کا جواز پیش کرکے آف لوڈ کر دیا گیا۔

درخواست گزاروں کے وکیل طارق محمد خان مروت نے عدالت کو بتایا کہ پٹیشنرز کے پاس نجی ایئرلائن کے ریٹرن ٹکٹ موجود تھے اور ہوٹل بکنگ بھی کیو آر کوڈ کے ساتھ موجود تھی۔ متعلقہ حکام نے ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل بکنگ کی تصدیق کرنے کے بجائے ایئرپورٹ پر موجود عملے کے ذریعے بدتمیزی کی اور مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔

درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عملے نے روانگی کی اجازت دینے کے لیے رشوت کا تقاضا کیا۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانگی کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ ان کے 14 لاکھ روپے کے اخراجات کی ادائیگی کے احکامات جاری کیے جائیں، جبکہ انہیں غیر قانونی طور پر آف لوڈ کرنے والے متعلقہ عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم بھی دیا جائے۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ڈی جی امیگریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.