وائلڈ لائف سندھ کی رات گئے کارروائی، ٹرک سے 16 نایاب پیلکن پرندے برآمد
کراچی:
سندھ وائلڈ لائف حکام نے خفیہ اطلاع پر رات گئے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر منتقل کیے جانے والے 16 پیلیکن پرندے قبضے میں لے لیے۔
ترجمان کے مطابق اس کارروائی کے دوران ایک لوڈنگ ٹرک کی تلاشی لی گئی، جس سے نایاب پرندے برآمد ہوئے۔
سندھ وائلڈ لائف کے مطابق برآمد ہونے والے پیلیکن پرندے سندھ کے ضلع دادو سے کراچی منتقل کیے جا رہے تھے۔ حکام نے مشتبہ گاڑی کو روک کر چیکنگ کی تو پرندوں کی غیر قانونی منتقلی کا انکشاف ہوا۔
کارروائی کے دوران موقع پر موجود ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ممتاز سومرو نے بتایا کہ گرفتار افراد کے خلاف سندھ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ اور غیر قانونی شکار و نقل و حمل کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پی این پی