فیفا ورلڈ کپ، ٹیم کے ناک آؤٹ مرحلے سے باہر ہونے پر ہیڈ کوچ نے استعفیٰ دے دیا
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کروشیا کی گھانا کے خلاف 1-2 کی فتح کے بعد اسکاٹ لینڈ کی ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی تمام امیدیں ختم ہوگئیں جس کے فوری بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیو کلارک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
گروپ ایل کے اس نتیجے کے بعد اسکاٹ لینڈ بہترین تیسرے نمبر پر آنے والی آٹھ ٹیموں میں جگہ بنانے میں ناکام رہا اور یوں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔
اسکاٹش فٹبال حکام نے بھی تصدیق کی کہ اسٹیو کلارک سات برس تک ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد اپنے منصب سے الگ ہو رہے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ نے 28 برس بعد ورلڈ کپ میں واپسی کرتے ہوئے اپنے پہلے میچ میں ہیٹی کو 0-1 سے شکست دی تھی تاہم اس کے بعد مضبوط حریفوں کے خلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گروپ مرحلے میں مراکش کے ہاتھوں 0-1 کی شکست کے بعد برازیل نے بھی اسکاٹ لینڈ کو 0-3 سے ہرایا جس کے نتیجے میں ٹیم تین پوائنٹس اور منفی تین گول فرق کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
برازیل کے خلاف شکست کے بعد ہی اسٹیو کلارک اور کھلاڑیوں نے تسلیم کر لیا تھا کہ آخری 32 مرحلے میں رسائی کے امکانات نہایت کم رہ گئے ہیں۔
بعد ازاں دیگر گروپس کے نتائج خصوصاً کروشیا کی گھانا کے خلاف فتح نے اسکاٹ لینڈ کی ٹورنامنٹ میں مزید پیش قدمی کی امیدوں کا بھی خاتمہ کر دیا۔
یہ مسلسل ایک اور بڑا ٹورنامنٹ ہے جس میں اسکاٹ لینڈ گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ ٹیم اب تک نو ورلڈ کپ اور چار یورپی چیمپئن شپ کھیل چکی ہے لیکن کسی بھی موقع پر پہلے مرحلے سے آگے جانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
پی این پی