News Views Events
Apna Watan

جنوبی کوریا کا مصنوعی ذہانت و چپس کی صنعت میں 1 کھرب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان

0

—تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

جنوبی کوریا نے مصنوعی ذہانت اور سیمی کنڈکٹر چپس کی صنعت میں عالمی برتری حاصل کرنے کے لیے ایک وسیع صنعتی منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت 1 کھرب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صدر لی جے میونگ نے اس منصوبے کو ’بڑی پیش رفت‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو مصنوعی ذہانت کے دور میں دیگر ممالک سے آگے نکلنا ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کا فوکس تین بڑے شعبوں پر ہے جن میں سیمی کنڈکٹر چپس، فزیکل مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا مراکز شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے حکومتی اعداد و شمار کے مطابق سام سنگ الیکٹرانکس اور ایس کے ہائنکس اپنے سپلائرز کے ساتھ مل کر مجموعی طور پر 800 ٹریلین وون کی سرمایہ کاری کریں گی جس سے ملک کے جنوب مغربی علاقے میں نئی چپ فیکٹریاں قائم کی جائیں گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ 2035ء تک اضافی 10 گیگا واٹ صلاحیت کے ڈیٹا مراکز قائم کیے جائیں گے جن پر مجموعی سرمایہ کاری 1,000 ٹریلین وون سے تجاوز کر سکتی ہے۔

جنوبی کوریا کی اپوزیشن نے اس منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی فیصلے میں سیاسی پہلو زیادہ نمایاں ہے اور صنعتی منطق کمزور دکھائی دیتی ہے کیونکہ اہم تنصیبات کو حکمراں جماعت کے مضبوط علاقائی گڑھ میں قائم کیا جا رہا ہے۔

ادھر جنوبی کوریا کی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ ملک کی معیشت کو متوازن ترقی دینے اور عالمی ٹیکنالوجی دوڑ میں برتری حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.