انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی، 3 مبینہ سہولت کار گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی ہدایات پر اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی نگرانی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا.
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ارشاد علی کلہوڑو، محمد قاسم عرف راجہ قاسم اور کامران زمان کے نام سے ہوئی، ملزمان کو ایف آئی آر نمبر 188/2026 کے سلسلے میں مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔
ملزمان مبینہ طور پر پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر آذربائیجان بھیجنے اور غیر قانونی امیگریشن میں سہولت کاری میں ملوث تھے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد سے بھاری رقوم وصول کیں اور قانونی ورک ویزوں کے بجائے وزٹ ویزوں کے ذریعے بیرون ملک روانگی کے انتظامات کیے۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان مبینہ طور پر لازمی امیگریشن اور امیگریشن قوانین کو بائی پاس کرتے ہوئے غیر قانونی طریقوں سے افراد کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان بیرون ملک موجود ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں تھے، جو مسافروں کے پہنچنے کے بعد ان کے قیام اور روزگار کے معاملات میں سہولت کاری کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان میں ارشاد علی کلہوڑو کو صدر کراچی، محمد قاسم کو سندھی مسلم سوسائٹی کراچی جبکہ کامران زمان کو گلستان جوہر بلاک 16 کراچی سے گرفتار کیا گیا، نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پی این پی