سانحہ جھیل سیف اللہ: ریٹائرڈ کمانڈر عامر ہندل کے برادر نسبتی نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا
سانحہ جھیل سیف اللہ میں اہل خانہ سمیت جاں بحق ہونے والے پاک بحریہ کے ریٹائرڈکمانڈر عامر ہندل کے برادر نسبتی نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا۔
جاں بحق ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کمانڈر عامر ہندل کے برادر نسبتی نوید چیمہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کے پیچھے حکومت کی شدید ترین نا اہلی ہے، اگر جھیل میں طغیانی تھی تو اس بارے میں سیاحوں کو آگاہ کیوں نہیں کیا گیا تھا، دنیا بھر میں تفریحی مقامات پر احتیاطی تدابیر درج ہوتی ہیں، آپ جب جہاز پر سفر کرتے ہیں تو ائیر ہوسٹس کھڑے ہوکر ایمرجنسی میں کیا کرنا چاہیے اس کے بارے میں آگاہی دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی احتیاطی تدابیر نہیں بتائی گئیں، کوئی لائف جیکٹس نہیں دی گئیں، جہاں یہ سانحہ ہوا وہاں پر ایف آئی آر لانچ ہوئی ہے، اس پر کیا تحقیقات ہوئی، ہمیں کسی نے کچھ نہیں بتایا۔
نوید چیمہ نے کہا کہ میں چپ کر کے بیٹھنے والا نہیں ہوں، میں اس معاملے کی انوسٹی گیشن کرواوں گا، اس سانحہ میں میری تین نسلیں ختم ہو گئی ہیں، جو ریسکیو ون ون ٹو ٹو ڈیڈ باڈیز لا رہی تھی راستے میں اس کا پٹرول ختم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے اس طرز پر بھی تحقیقات کرے کیونکہ کمانڈر عامر ہندل کا فیملی کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا اور انہیں قتل کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عامر کی بیٹیاں اور ایک نواسے کو جب ریسکیو کیا گیا اس وقت وہ سانس لے رہے تھے بچے کو سی ار پی دینے کی فوٹیج موجود ہے، وہ بچہ بچ جاتا تو وہ اس خاندان کا چشم و چراغ ہوتا۔
راستے میں ایمبولینس کا پیٹرول ختم ہونا ایک سوال ہے، اسپتال میی فوری طبی امداد نہیں دی گئی کیونکہ عملہ ہی موجود نہیں تھا، ان سب معاملات کو نظر میں رکھنا چاہیے اور دونوں صوبوں کی پولیس اس معاملے کی انکوائری کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمانڈر عامر کے بھتیجے نے ان کے فارم ہاؤس پر قبضہ کیا ہوا ہے اور وہاں پر نشے کا اڈا بنایا ہوا تھا، عامر ہندل نے ار پی او کو قبضہ ہٹوانے کی درخواست بھی دی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو لاہور سے تعلق رکھنے والے عامر ہندل اپنے اہلخانہ کے ہمراہ مہوڈنڈ کے علاقے میں واقع سیف اللہ جھیل میں کشتی میں سوار تھے جب یہ اُلٹ گئی۔
اس حادثے کے نتیجے میں اس خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوئے جن میں سابق لیفٹیننٹ کمانڈر عامر ہندل، اُن کے 20 سالہ بیٹے عبداللہ ہندل، دو بیٹیاں 27 سالہ پروا ہندل اور 23 سالہ رویل ہندل، جبکہ پروا ہندل کے دو کمسن بچے بھی شامل ہیں۔
پی این پی