شان مسعود بطور کھلاڑی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے، سرفراز احمد
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے سابق کپتان شان مسعود کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ شان مسعود کپتانی سے ہٹنے کے باوجود ٹیم کے لیے ایک اہم کھلاڑی کے طور پر اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔
سرفراز نے بتایا کہ ان کی شان مسعود سے تفصیلی بات ہوئی ہے اور وہ پُراعتماد ہیں۔ اگرچہ انہیں معمولی ہیم اسٹرنگ کی تکلیف تھی تاہم ان کا رویہ انتہائی مثبت اور پیشہ ورانہ رہا۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران لاہور اور راولپنڈی میں سخت تربیتی کیمپ لگائے جہاں ویسٹ انڈیز جیسی گرم اور مرطوب موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ گرین پچز اور اسپن ٹریکس دونوں پر بھرپور پریکٹس کرائی گئی جبکہ ٹرینیڈاڈ میں چار روزہ وارم اپ میچ بھی ٹیم کو مقامی حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دے گا۔
“The way he contributed as captain, he will now contribute as a player too” – Pakistan Test coach Sarfaraz Ahmed on Shan Masood
https://t.co/JU5QDutlyS— Cricinfo (@cricinfo) July 12, 2026
سرفراز احمد نے حالیہ خراب نتائج کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں سے انفرادی ملاقاتیں کی گئی ہیں تاکہ ان سے توقعات واضح کی جا سکیں۔
ہیڈ کوچ نے بابر اعظم کو دوبارہ ٹیسٹ کپتان بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت اور تجربہ کار قائد ہیں جبکہ ٹیم کا ہدف ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز اپنے نام کرنا ہے۔
پی این پی