News Views Events
Apna Watan

جون 2026ء میں کرنٹ اکاؤنٹ 64 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز خسارے میں رہا: اسٹیٹ بینک

0

–فائل فوٹو

جون 2026ء میں ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ 64 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز خسارے میں رہا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون میں تجارتی خسارہ مئی کے مقابلے 8 فیصد اضافے کے بعد 3 ارب 55 کروڑ ڈالرز رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق جون میں ملکی درآمدات مئی کے مقابلے 9 فیصد بڑھ کر 6 ارب 14 کروڑ ڈالرز رہیں، جبکہ برآمدات 10 فیصد اضافے کے بعد 2 ارب 38 کروڑ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں۔

اسٹیٹ بینک نے بتایا ہے کہ جون میں تجارت، خدمات اور آمدن کا مجموعی خسارہ 4 ارب 34 کروڑ ڈالرز رہا، جبکہ ورکرز ترسیلات مئی کے مقابلے 18 فیصد کم ہو کر 3 ارب 47 کروڑ ڈالرز رہ گئیں، مئی 2026ء میں ورکرز ترسیلات 4 ارب 37 کروڑ ڈالرز تھیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 26-2025ء کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 26-2025ء میں ملکی برآمدات 5 فیصد کمی کے بعد 30 ارب 84 کروڑ ڈالرز رہیں، جبکہ مالی سال 25-2024ء میں برآمدات 32 ارب 34 کروڑ ڈالرز تھیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 26-2025ء میں درآمدات 9 فیصد اضافے کے ساتھ 64 ارب 46 کروڑ ڈالرز رہیں، جبکہ مالی سال 25-2024ء میں درآمدات 59 ارب 14 کروڑ ڈالرز تھیں۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 26-2025ء میں تجارت، خدمات اور آمدن کا خسارہ 14 فیصد اضافے کے بعد 43 ارب 95 کروڑ ڈالرز رہا، جبکہ اسی عرصے کے دوران ورکرز ترسیلات 9 فیصد اضافے سے 41 ارب 58 کروڑ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں۔



پی این پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.