فیڈرل بورڈ کے بروقت نتائج قابل تحسین، الحاقی فیسوں میں اضافہ طلبہ و والدین کیلئے باعث تشویش ہے،ڈاکٹر ابرارحسین ملک
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر کی بروقت نتائج پر چیئرمین فیڈرل بورڈ اور پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد نجی تعلیمی اداروں کی کارکردگی لائق تحسین،فیڈرل بورڈ کی الحاقی فیسوں میں اضافہ واپس لینے کیلئے متعلقہ حکام سے نوٹس کا مطالبہ کرتے ہیں، بیان
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے حالیہ امتحانی نتائج پر چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک، پوزیشن ہولڈر طلبہ اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت نتائج کے اعلان سے فیڈرل بورڈ کی ساکھ مزید مستحکم ہوئی ہے، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ پرائیویٹ سکولز اور کالجز نے تعلیمی معیار کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ڈاکٹر ملک ابرار حسین نے اس موقع پر فیڈرل بورڈ کی جانب سے تعلیمی اداروں کے الحاق کی فیسوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے سکولوں اور کالجز کو طلبہ کے داخلے اور بورڈ امتحانات کے اندراج میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ الحاقی فیسوں میں اضافے کے فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے کیونکہ اس کا مالی بوجھ بالآخر طلبہ اور والدین پر ہی پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سہولتوں میں اضافے کے لیے ایسے فیصلے کیے جائیں جو طلبہ اور تعلیمی اداروں دونوں کے مفاد میں ہوں۔