اسلام آباد / کراچی : پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور اقلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کو کینیڈا کے شہر کیلگری، البرٹا میں منعقدہ رنگا رنگ دھنتیرس گالا 2026 کی تقریب کے دوران گلوبل ہندو ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں ہر سال دنیا بھر سے انسانیت کی خدمت کرنے والی نمایاں شخصیات میں سے کسی ایک کو مذکورہ عالمی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا جاتا ہے، گلوبل ہندو ایوارڈ اپنے نام کرنے کے بعد ڈاکٹر وانکوانی واحد پاکستانی شہری قرار پائے ہیں جنہیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور انسانیت کی بے لوث خدمت کے اعتراف میں یہ بین الاقوامی اعزاز دیا گیا ہے۔
تقریب میں کینیڈا بھر سے سیاسی رہنماؤں، سفارتکاروں، کاروباری شخصیات، کمیونٹی نمائندوں اور ممتاز مندوبین نے شرکت کی، کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے ہندو کمیونٹی کی کینیڈا کی سماجی، ثقافتی اور معاشی ترقی میں نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، اس موقع پرالبرٹا کی پریمیئر ڈینیئل اسمتھ، قائد حزبِ اختلاف پیئر پوئیلیور، جبکہ اونٹاریو اور سسکیچیوان کے پریمیئرز نے بھی ہندو برادری کے مثبت کردار کو سراہا۔ تقریب میں کیلگری کے میئر جیرومی فرکاس، البرٹا کے وزیرِ انصاف و اٹارنی جنرل مکی ایمر سمیت متعدد ارکانِ پارلیمنٹ، منتخب عوامی نمائندوں، سفارتکاروں اور سماجی رہنماؤں بھی موجود تھے۔
گلوبل ہندو ایوارڈ ملنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے یہ اعزاز پاکستان کی ہندو برادری اور ان تمام افراد کے نام منسوب کیا جنہوں نے ان کے مشنِ خدمتِ انسانیت میں ہر قدم پر ساتھ دیا، انہوں نے کہا کہ یہ عالمی ایوارڈ صرف میری ذات تک محدود نہیں بلکہ پاکستان کی ہندو برادری کی امن پسندی، مثبت کردار اور قومی خدمات کا اعتراف ہے، یہ کامیابی مجھے ہندو ویدک تعلیمات کی روشنی میں مزید جوش و جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت جاری رکھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ انہوں نے پاکستان ہندو کونسل کے تحت جاری فلاحی منصوبوں اور اسلام کوٹ، تھرپارکر میں زیرِ تعمیر 150 ایکڑ پر مشتمل ماڈل فلاحی بستی پریم نگر دی لینڈ آف لوَ کا بھی خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، ہنرمندی، یتیموں، اسپیشل چلڈرن، بزرگوں اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے۔
ڈاکٹر وانکوانی نے اپنے خطاب میں اس امر پر بھی زور دیا کہ موجودہ پاکستان کی سرزمین قدیم ہندو تہذیب و تمدن اور روحانی ورثے کا ایک اہم مرکز رہی ہے، پاکستان میں ہندو دھرم کے مقدس مقامات آج بھی موجود ہیں، انہوں نے تقریب کے شرکاء اور دنیا بھر سے ہندو یاتریوں کو ہنگلاج ماتا مندر، کٹاس راج مندر، ٹیری مندر، ملتان کا تاریخی پرہلاد مندر اور دیگر مقدس عبادت گاہوں کی یاترا کی دعوت دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان یاترا اپنی روحانی اور تہذیبی جڑوں سے دوبارہ جڑنے، پاکستان کو قریب سے دیکھنے اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان امن، احترام اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگی۔
ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اپنے خطاب میں کینیڈین ہندو چیمبر آف کامرس کو دھنتیرس گالا 2026 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔