وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال اوورسیز پاکستانیوں نے 41.6 بلین ڈالرز کا زرِ مبادلہ وطن بھجوایا، جبکہ توقع ہے کہ رواں مالی سال یہ رقم بڑھ کر 44 بلین ڈالرز تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے بدھ کی شب پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان ریمیٹنس اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ روڈ شو کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کی۔
تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سمیت میزان بینک اور یو بی ایل کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں آنے والی رقوم میں ہر ماہ اضافہ ہو رہا ہے، برطانیہ سے گزشتہ برس پاکستان کو زرِ مبادلہ کی مد میں 6.9 بلین ڈالرز موصول ہوئے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آج مقامی وزیرِ تجارت انس سرور سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں تجارت کے فروغ کے مختلف طریقوں پر غور کیا گیا، اب ہمارا فوکس ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے باعث خدشہ تھا کہ خلیجی تعاون کونسل (GCC) ممالک سے آنے والی ترسیلاتِ زر میں کمی آئے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا بلکہ ان میں اضافہ ہوا ہے۔
ایران تنازع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت نے حالات کو نہایت اچھے طریقے سے سنبھالا، ملک میں پیٹرول کی کمی نہیں ہوئی، پیٹرول کے لیے قطاریں نہیں لگیں اور امن و امان کا مسئلہ بھی پیدا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں کیونکہ آبنائے ہرمز کی بندش، باب الہند اور پائپ لائن سے متعلق صورتِ حال سامنے ہے، تاہم ستمبر تک پاکستان محفوظ ہے، اکتوبر بھی ٹھیک ہے جبکہ نومبر کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیرِ خزانہ نے کہا کہ مہنگائی کی لہر پوری دنیا میں آئی ہے اور پاکستان بھی اس سے متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ برس آئی ٹی ایکسپورٹ سروسز سے 4.6 بلین ڈالرز حاصل ہوئے، جن میں سے 1.6 بلین ڈالرز فری لانسرز کی جانب سے آئے، فری لانسرز ہمارے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیں، جنہیں حکومت مزید سہولتیں اور تربیت فراہم کرے گی تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کر سکیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی تجدید کے حوالے سے بھی حکومت کی بھرپور توجہ ہے، پاکستان برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے شرکاء کو پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
میزان بینک کے صدر سید عامر علی نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ آن لائن کھولا جا سکتا ہے اور اس کے ذریعے رقم کی ترسیل انتہائی آسان ہے، بھیجی گئی رقم کسی بھی وقت واپس منگوائی جا سکتی ہے، بشمول اس پر حاصل ہونے والا منافع بھی۔
یو بی ایل کی کارپوریٹ بینکنگ، ریمیٹینسز سمیت دیگر شعبوں کی سربراہ نادیہ تبسم نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا ردِعمل انتہائی شاندار ہے، اس میں سرمایہ کاری کی صورت میں بہترین منافع حاصل کیا جا سکتا ہے، جبکہ اکاؤنٹ کا نظام آسان اور مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پر صارفین کا اعتماد روز بروز بڑھ رہا ہے۔
پی این پی