اوسلو :پاکستان کے سینئر سفارتکار عاصم علی خان نے 12 اگست 2026 کو اوسلو میں ناروے کے لیے پاکستان کے نئے سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ اس سے قبل امریکہ میں قونصل جنرل آف پاکستان، لاس اینجلس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔
عاصم علی خان نے 2003 میں فارن سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی۔ دو دہائیوں سے زائد سفارتی کیریئر کے دوران وہ چین، امریکہ، کینیڈا اور فرانس میں مختلف اہم سفارتی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، جبکہ وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل اور ایوانِ صدر میں بھی اہم عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔
تعلیمی اعتبار سے عاصم علی خان نے مکینیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کے بعد بین الاقوامی تعلقات (International Relations) میں ماسٹرز کیا۔ انہیں خارجہ پالیسی، اقتصادی سفارت کاری، قونصلر امور اور بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ان کی سرکاری خدمات کے اعتراف میں انہیں 2023 میں ستارۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
عاصم علی خان سے قبل سعدیہ الطاف قاضی تقریباً تین سال ناروے میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہیں، جس کے بعد انہیں نئی سفارتی ذمہ داری سونپی گئی۔