اظفر علی نے پہلی بار اپنی تیسری شادی کی تمام تفصیلات شیئر کر دیں
پاکستانی میزبان، اداکار اور پروڈیوسر اظفر علی نے اپنی تیسری شادی کے بارے میں پہلی بار کھل کر بات کرتے ہوئے تمام تفصیلات شیئر کر دیں۔
نادیہ خان کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے میزبان اور اداکاراظفر علی نے بتایا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ردا الزہرا سے تیسری شادی کی جو ایک ارینج میرج تھی۔
اظفر علی نے کہا کہ میری بہنیں شادی کے لیے اصرار کرتی رہیں جبکہ میں تیسری شادی نہیں کرنا چاہتا تھا اور میری بہن نے ردا الزہرا کا رشتہ تجویز کیا۔ ردا اس وقت دبئی میں رہتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ شادی سے قبل ہمارے درمیان تقریباً چھ ماہ تک بات چیت ہوتی رہی اور میں نے ردا سے کہا کہ شادی کے بعد پاکستان منتقل ہونا ہوگا میں تو دبئی میں مستقل طور پر منتقل نہیں ہوسکتا کیونکہ میرا تو سب کچھ ادھر ہی پاکستان میں ہے۔
اظفر علی نے کہا کہ وقت اور تجربے نے بہت بدل دیا ہے۔ دوسری طلاق کو تقریباً 12 سال گزر چکے ہیں اور اب رشتوں کو پہلے سے مختلف انداز میں دیکھتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے اپنے کیریئر پر زیادہ توجہ دیتا تھا لیکن اب میری ترجیحات میں ذاتی زندگی بھی شامل ہے اور اپنی اہلیہ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالتا۔
واضح رہے کہ اظفر علی اس سے قبل سلمیٰ حسن اور بعد ازاں نوین نقوی سے شادی کرچکے ہیں، تاہم دونوں شادیاں کامیاب نہ ہوسکیں۔
پی این پی