اسلام آباد؛ نیدرلینڈز کے جعلی ویزے پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والا مسافر آف لوڈ
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے نیدرلینڈز کے جعلی ویزے پر سعودی عرب کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنائی اور مسافر کو آف لوڈ کردیا۔
ایف آئی اے کے مطابق سعودی عرب کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرنے والا مسافر آف لوڈ کردیا گیا، مسافر ائیر بلیو کی پرواز سے سعودی عرب جا رہا تھا اور مسافر کا تعلق ضلع سوات سے ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر لگا نیدرلینڈز کا وزٹ ویزا جعلی نکلا، مسافر ماضی میں ملائیشیا، تھائی لینڈ اور سعودی عرب کا سفر کر چکا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ مسافر کو آف لوڈ کرکے انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک سے ممکنہ تعلق کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، مسافر کا موبائل فون فرانزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا گیا ہے اور سہولت کاروں کے کردار کے تعین کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
پی این پی