News Views Events
Apna Watan

باغیچے کی کھدائی کے دوران وائکنگ دور کا خزانہ دریافت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈنمارک میں ایک رہائشی مکان کے باغیچے سے وائکنگ عہد سے تعلق رکھنے والا چاندی کا ایک غیر معمولی خزانہ دریافت ہوا ہے،

 

جس میں تقریباً 700 قیمتی اشیا شامل ہیں۔ ماہرین نے اسے وائکنگ دور کا اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا چاندی کا خزانہ قرار دیا ہے۔

یہ تاریخی دریافت رِینِلڈ کے علاقے میں اس وقت ہوئی جب مکان کے مالک نے گھر کے باہر نیا ٹائل والا ٹیرس تعمیر کرنے کے لیے باغیچے کی کھدائی شروع کی۔ گھاس، پتھر اور بجری ہٹانے کے دوران صرف تقریباً 30 منٹ بعد ہی قدیم نوادرات سامنے آگئے۔

ماہرین کے مطابق خزانے کا ایک بڑا حصہ اب بھی مٹی کے اس برتن میں موجود تھا جس میں اسے صدیوں قبل محفوظ کیا گیا تھا۔ تقریباً 320 اشیا پر مشتمل اس حصے کا مجموعی وزن 6.4 کلوگرام بتایا گیا ہے، جبکہ دیگر نوادرات اردگرد کی مٹی میں مختلف مقامات پر بکھرے ہوئے ملے۔

دریافت ہونے والی اشیا میں چاندی کے کنگن، سلاخیں، سکے اور دیگر تاریخی نوادرات شامل ہیں۔ ان میں ایک انتہائی چھوٹا ہتھوڑا بھی موجود ہے جسے ماہرین نورس دیوتا تھور سے منسوب کررہے ہیں۔

خزانے میں مجموعی طور پر 47 مکمل سکے اور سکے کے ٹکڑے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چاندی کے کاٹے گئے ٹکڑوں سمیت متعدد دیگر قیمتی اشیا بھی ماہرین کو حاصل ہوئی ہیں۔

تاریخی شواہد اور نوادرات کی نوعیت کی بنیاد پر ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ خزانہ وائکنگ دور کی 10ویں صدی میں زمین کے اندر چھپایا گیا تھا۔ یہ دریافت اس دور کی معاشی اور ثقافتی تاریخ کے حوالے سے بھی اہم قرار دی جارہی ہے۔

پی این پی

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.