News Views Events
Apna Watan

چوہدری ظہور الٰہی کی سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمات آج بھی مشعلِ راہ ہیں،فرخ خان

چوہدری ظہور الٰہی رحم دل، مخیر اور دکھی انسانیت کے لیے درد رکھنے والے سیاستدان تھے،فوزیہ ناز

0

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت چوہدری ظہور الٰہی عوام کو مسائل سے نجات دلانے اور استحصالی طبقات کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ ان کی سیاسی زندگی اصول پسندی، حق گوئی، عوام دوستی اور خدمتِ خلق سے عبارت تھی۔

 

چوہدری ظہور الٰہی شہید کی 45ویں برسی کے موقع پر مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی صدر مسز فرخ خان، مرکزی جنرل سیکرٹری فوزیہ ناز سمیت خواتین ونگ کی تمام عہدیداران نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر مسز فرخ خان نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی نے استحصالی طبقات کے خلاف بھرپور جدوجہد کے لیے منظم اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی۔ انہوں نے ہمیشہ عوامی حقوق کے تحفظ اور عام آدمی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید نے اپنی حق گوئی، اصول پسندی اور عوام دوستی کے باعث نہ صرف اپنے علاقے بلکہ ملک بھر میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ وہ اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے قائل نہیں تھے اور اپنے نظریات پر ثابت قدمی سے قائم رہے۔مسز فرخ خان نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی کی سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمات آج بھی مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی عوام کی خدمت اور ملک کی بہتری کے لیے وقف کی، یہی وجہ ہے کہ ان کی خدمات کو آج بھی قدر و احترام کی نگاہ سے یاد کیا جاتا ہے۔فوزیہ ناز نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی بنیادی طور پر ایک رحم دل، مخیر اور دکھی انسانیت کے لیے درد رکھنے والے سیاستدان تھے۔ انہوں نے ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد اور عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید کی عوامی اور ملکی خدمات انہیں ہمیشہ زندہ رکھیں گی، وہ آج بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.