25 کروڑ عوام کو حق ملے بغیر دھرنا ختم نہیں ہوگا، امیر جماعت اسلامی
راولپنڈی :امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کسی خام خیالی میں نہ رہے کہ ہمارا دھرنا نمائشی اقدامات سے ختم ہو جائے گا، ہم عوام کو ریلیف دلوا کر ہی جائیں گے۔
لیاقت باغ میں مظاہرین سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا حکومت نے بجلی کے بل، تنخواہ دار کا انکم ٹیکس اور آئی پی پیز کا معاملہ حل نہ کیا تو ملک بھر میں دھرنے ہوں گے، پاکستان کو انارکی کے لیے نہیں چھوڑ سکتے، پر امن احتجاج کریں گے۔
ان کا کہنا تھا حکومت سے مذاکرات بھی ہوں گے جس کے لیے ہم نے کمیٹی قائم کر رکھی ہے لیکن مذاکرات ٹالنے کیلئے نہیں ہوں گے، عوام کو ریلیف دینا پڑے گا، پورے ملک کی امیدیں اس دھرنے وابستہ ہو چکی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا ڈی چوک نہ جانا بھی ہماری حکمت عملی کاحصہ ہے، ڈی چوک جانا بھی جانا کوئی مسئلہ نہیں جس دن اور جب چاہیں گے ڈی چوک بھی پہنچ جائیں گے لیکن مسئلہ لوگوں کو ریلیف دلانے کا ہے، ہمارے پاس سارے آپشن کھلے ہوئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش سے متعلق سوال پر امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا حکومت نے مذاکرات کے لیے ایسے شخص کا نام دیا جو ملک میں موجود ہی نہیں، اس سے حکومت کی سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے، ان کا کہنا تھا ہمارا سب سے بڑا مطالبہ بجلی کے بلوں کا ہے اور اگر مذاکرات میں اس سے متعلقہ وزیر شامل نہیں ہو گا تو پھر ایسے مذاکرات کا کیا فائدہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو ہماری کمیٹی سے مذاکرات کرے، یہ بات ٹھیک ہے کہ حکومت فارم 47 کے ذریعے وجود میں آئی ہے لیکن بہرحال حکومت ان ہی لوگوں کے پاس ہے اور ہم ان سے ہی بات کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا آئی پی پیز ایک بہت بڑا مسئلہ ہیں، آئی پی پیز کو لگام دینا چاہتے ہیں جو عوام کا خون نچوڑ رہی ہیں، آئی پی پیز کے سرکردہ لوگ ہر حکومت میں نظر آتے ہیں، جو آئی پی پیز غیر ملکی ہیں ان سے بھی معاہدے پر نظر ثانی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا یہ بات درست ہے کہ حکومت نے غیر ملکی اداروں کے ساتھ معاہدے کر رکھے ہیں لیکن دنیا بھر میں ایسے معاہدوں پر نظرثانی ہوتی ہے اور پھر چین تو ہمارا قریبی دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے تو ان کے ساتھ بھی بات ہو سکتی ہے۔
Trending
- ایس سی او کے 25 سال: شنگھائی سپرٹ اور اسلام آباد سے نئے سفر کا آغاز
- چینی صدرکی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور کرغزستان کا سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل
- اگست میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 11.15 فیصد پر پہنچ گئی، ادارہ شماریات
- یو ایس اوپن کی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ شکست، نوواک جوکووچ پہلے راؤنڈ میں ہی باہر
- وہ ملک جہاں ہر بچے کی پیدائش پر 17 سال کی عمر تک ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد دیے جائیں گے
- پاکستان کا ٹیسٹ ریکارڈ 1987 کے بعد پہلی بار منفی ہوگیا
- چینی صدر کی اہلیہ کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شامل سربراہان کی بیگمات کی اجتماعی سرگرمی میں شرکت
- چین مساوی اور منظم عالمی نظام کی مثبت وکالت کرتا ہے، چینی صدر
- جو روٹ کو خراب فارم کا احساس، مشکل مرحلے سے نکلنے کے لیے پرامید
- پائیدار معاشی ترقی؛ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مواقع