آذربائیجان کا پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بھارت کی جارحیت پر آذربائیجان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کا فیصلہ کرتے ہوئے بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آذربائیجان کی حکومت نے وزیراعظم پاکستان کے نام خط لکھا جس میں پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش کیا گیا۔

پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پاکستانی حکومت کیلئے خصوصی پیغام دیا جس میں آذربائیجان نے حکومت پاکستان سے بھارتی فوج کی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔
آذربائیجان کی حکومت نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھرپور حمایت اور متاثرین کے خاندانوں سے اظہار تعزیت، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
آذربائیجان نے پاک بھارت تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی تجویز دیتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ترکیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے: صدر اردوان
دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر پر میزائل حملوں کے بعد مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ترک ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر اردوان نے پاکستان کی "پرامن اور تحمل پر مبنی پالیسیوں” کو سراہا اور یقین دلایا کہ ترکی موجودہ بحران میں پاکستان کے ساتھ ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف سے گفتگو میں ترک صدر نے 22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پاکستانی تجویز کو "مناسب” قرار دیا۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، جس کی پاکستان نے سختی سے تردید کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ صدر اردوان نے اس بات پر زور دیا کہ ترکی خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، اور ان کے سفارتی رابطے جاری رہیں گے۔
اس سے قبل ترکی نے بھارت کی جانب سے کی گئی فوجی کارروائی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ "مکمل جنگ” کا باعث بن سکتی ہے۔
بھارت کو ایسا جواب دینگے دنیا یاد رکھے گی،
بھارت کو ایسا جواب دینگے دنیا یاد رکھے گی، ایل او سی پر 50 بھارتی فوجی مارے، وزیر اطلاعات
ادھر زیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کا پورا بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا، 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، پاکستان نے پچیس ڈرونز تباہ کیے ہیں جن میں سے کچھ جام کرکے اور کچھ کو ہٹ کرکے تباہ کیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ اپوزیشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ ان کی وجہ سے دنیا کو پیغام گیا کہ ہم ایک ہیں، دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، بھارت جسے رافیل طیاروں پر بڑا ناز تھا کہ پتا نہیں پاکستان کا کیا کردیں گے مگر جس ارادے سے پاکستان کی طرف دیکھ رہے اس میں ان کو ہزیمت اور شرمندگی ہوئی، اب بھارت نے خفت مٹانے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن آپ کے خلاف بہترین ٹیکنالوجی لاتا ہے، یہ سمجھتے تھے کہ خدانخواستہ پاکستان کا بہت نقصان کردیں گے مگر افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا ہے، یہ رافیل طیارے نہیں گرے بلکہ بھارت کا غرور اور ناز گرا ہے، پہلی دفعہ چائے پلائی تھی اس دفعہ بھی چائے تیار تھی مگر دشمن بھاگ گیا اس لیے ہوم ڈیلیوری کی ہے،ہم اپنے شاہینوں کا اس ایوان سے سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے ڈرون حملے پاکستان پر کیے ہیں بھارتی ڈرونز میں اسرائیلی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، بھارتی ڈرونز کو رافیل طیاروں کی طرح جدید سمجھیں، پاکستان نے پچیس ڈرونز تباہ کیے ہیں جن میں سے کچھ جام کرکے اور کچھ کو ہٹ کرکے تباہ کیا، بھارت کو ایل او سی پر شدید نقصان پہنچا ہے، پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کا پورا بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا، ایل او سی پر 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک کیے ہیں، جب بھارتی چوکیوں پر سفید پرچم لہرائے گئے تو پاکستان کی فتح کا اعلان کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا اپنا ڈرون سکھوں کے گوردوارہ میں گرا ہے، بھارت کا مقصد سکھوں کو پاکستان کے خلاف کرنا ہے، پاکستان نے بھارت کو جواب دیا ہے اور دے بھی رہا ہے، بھارت نے آغاز کردیا ہے اب وقت جگہ اور ٹارگٹ کا تعین ہم کریں گے، قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ لے، جنگ بھارت نے شروع کی ختم ہم کریں گے، بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا، جواب جلدبازی میں نہیں سوچ سمجھ پلاننگ کے ساتھ دیں گے۔
بھارت کے 25 ہیروپ ڈرونز مار گرائے
پاکستان کا منہ توڑ جواب، پاک فوج نے بھارت کے 25 ہیروپ ڈرونز مار گرائے
فواج پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ افواج پاکستان نے اب تک 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مارگرائے ہیں، افواج پاکستان نے سافٹ اور ہارڈ کل کی بدولت ڈرونز مار گرائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کے 7،6 مئی کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز اور متعدد پوسٹوں کو تباہ کیا گیا، بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو بھاری نقصان ہوا اور مزید بھی اٹھا رہا ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے اور افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب اور اسکے تمام عزائم خاک میں ملا رہی ہیں۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی جس پر بھارت کے 12 ڈرونز مار گرائے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور کراچی میں ڈرون حملے کیے گئے، سندھ کےعلاقے میانو میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ لاہور میں والٹن کے علاقے میں ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے اور فوجی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے، بھارت مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے، جیسے جیسے صورت حال آگے بڑھتی رہے گی آپ کو میں اس حوالے سے آگاہ کرتا رہوں گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ہندوستان کی رات کے وقت جارحیت انتہائی سنگین ہے لیکن ہم ہر قسم کی جارحیت اور جنونیت سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، ہم جنونیت دکھانے والوں کو سبق سکھانے کا عزم اور پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اقوام عالم دیکھ رہے ہیں ہندوستان خطے سمیت پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، لگتا ہے ہندوستان عقل و فہم کے تمام راستے کھونے کے قریب ہے، ہندوستان کو پہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی جس میں اس کے 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ ایل او سی پر بھی بھارت کو بھاری جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا، بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنے کا عمل جاری ہے، افواج پاکستان بھارتی ڈرونز کو ایک ایک کر کے ناکارہ بنا رہی ہیں۔