News Views Events

ڈاکٹر شوکت علی شیخ کو اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں او پی سی کی خصوصی شیلڈ سے نواز دیا گیا

0

مانچسٹر: اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں اوورسیز پاکستان کمیشن (او پی سی) کے وائس چیئرمین ملک امجد بیریسٹر نے مانچسٹر ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ(ق) اوورسیز برطانیہ ڈاکٹر شوکت علی شیخ کو ان کی پاکستان اور بیرونِ ملک نمایاں سماجی و سیاسی خدمات کے اعتراف میں او پی سی کی خصوصی شیلڈ سے نوازا۔تقریب میں پاکستان مسلم لیگ کشمیر کے نامزد صدر محمد شفیق بھی موجود تھے جبکہ کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب خوشگوار اور مثبت ماحول میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین ملک امجد بیریسٹر نے کہا کہ اوورسیز پاکستان کمیشن بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یہ ادارہ بلا تفریق تمام اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ ان کی سیاسی وابستگی پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے، تاہم او پی سی ایک غیر امتیازی ادارہ ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو فوری اور مؤثر سہولیات فراہم کرنا ہے۔اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ملکی صورتحال اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے محفوظ اور سہل ہالیڈے پیکجز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی گئی تاکہ سیاحت کو فروغ ملے اور ملک میں قیمتی زرمبادلہ آئے۔ملک امجد بیریسٹر نے اس حوالے سے حکومتی سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کے اختتام پر محمد شفیق کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا گیا کہ نوجوان قیادت ملک و قوم کا مستقبل ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی مفاد کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔
آخر میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ چوہدری شجاعت حسین کی صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا جبکہ پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مشکل وقت میں پوری قوم متحد ہو کر ملک کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.