اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پوری قوم کو امن معاہدے کی کامیابی کے لیے دعا کرنی چاہیے، کیونکہ یہ کسی جماعت یا فرد کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی کشیدگی میں پاکستان کا کردار نہایت مثبت اور اہم رہا ہے اور پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر ابھرا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں خطے میں استحکام کی راہ ہموار ہوئی۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ میں بہتری آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں سے عالمی معیشت کو بڑے بحران سے بچانے میں مدد ملی ہے، جبکہ تیل کی قیمتوں میں کمی اور عالمی منڈیوں میں بہتری مثبت پیش رفت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے مؤثر عالمی کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اور ایران، سعودی عرب اور چین کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے خطے میں امن کے لیے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے صبر، تحمل اور بردباری کو بھی سراہا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ قوتیں امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں، اس لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو مشاورت کا دائرہ وسیع کرنا چاہیے تاکہ قومی اتحاد کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نریندر مودی پاک بھارت کشیدگی کا بدلہ لینے کے درپے ہیں۔