کراچی، پانی کا بحران ختم، بجلی بحال ہونے کے بعد پانی کی فراہمی دوبارہ شروع
کراچی:
شہر قائد میں نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی مرکزی کیبل چوری ہونے سے پیدا ہونے والا پانی کا بحران رات گئے بجلی بحال ہونے کے بعد ختم ہونا شروع ہوگیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کردی گئی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والی مرکزی کیبل چوری ہوگئی تھی جس کے باعث پمپنگ اسٹیشن کی بجلی معطل اور آپریشنل سرگرمیاں شدید متاثر ہوگئی تھیں۔
واقعے کے بعد صدر، کلفٹن، چنیسر ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی جس پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کی مشترکہ کوششوں سے رات گئے بجلی بحال کردی گئی جس کے فوراً بعد پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی سپلائی دوبارہ شروع کردی گئی۔
واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی مرحلہ وار معمول پر لائی جارہی ہے اور جلد تمام علاقوں میں سپلائی مکمل بحال ہوجائے گی۔
پی این پی