News Views Events
Apna Watan

گلگت بلتستان انتخابی مہم: مسلم لیگ (ق) کا ٹریکٹر دوڑ پڑا، غذر میں شاندار ریلی، متعدد کارنر میٹنگز کا انعقاد

0

 

غذر: (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ضلع غذر میں بھرپور انتخابی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر گاہکوچ میں ایک بڑی ریلی نکالی اور مختلف علاقوں میں متعدد کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا۔

مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، اسلام آباد کے صوبائی صدر رضوان صادق خان اور گلگت بلتستان کے رہنما دلفراز خان کے گلمتی پہنچنے پر کارکنوں اور عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر حلقہ GBA-19 غذر کے نامزد امیدوار شیر عالم، ضلعی صدر عبداللہ شاہ، جنرل سیکرٹری گلگت ڈویژن وزیر سہیل احمد، خلیفہ یونس، صوبیدار انعام اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔گاہکوچ میں منعقدہ ریلی اور گرونجر میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) عوامی خدمت، ترقی اور استحکام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ان قوتوں سے ہے جو قومی اداروں کو متنازع بنانے اور نوجوان نسل کے ذہنوں میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر ریاستی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، مگر پاکستان کے عوام ایسے منفی ہتھکنڈوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر سپاہیوں اور قومی اداروں پر فخر ہے جنہوں نے ملک کے دفاع، امن اور استحکام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ترقی، خوشحالی اور باوقار سیاست کے حامی ہیں اور آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے امیدوار کامیابی حاصل کر کے عوامی خدمت کا نیا باب رقم کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.